Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پاکستان سپر لیگ:کراچی کنگز کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف بیٹنگ جاری

کراچی:پاکستان سپر لیگ فور کے28 ویں میچ میں کراچی کنگز کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

کراچی کی جانب سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور کولن منرو نے کیا۔

قبل ازیں ٹاس جیت کر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ نیشنل اسٹیڈیم کی وکٹ ہمیشہ سے ہی بیٹنگ کے لئے اچھی رہی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان کا کہنا تھا کہ گزشتہ میچ کھیلنے والی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور اعظم خان کی جگہ انور علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

کراچی کنگز کے بابر اعظم، کولن انگرام، عماد وسیم اور محمد عامر ایکشن میں دکھائی دیں گے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹس، رائلی روسو، سرفراز احمد، عمر اکمل، احمد شہزاد اور محمد حسنین جادو جگانے کے لیے بے تاب ہیں۔

پی ایس ایل کے کوالیفائر مرحلے کے لیے تین ٹیمیں پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کوالیفائی کرچکی ہیں اور کراچی کنگز یا لاہور قلندرز میں سے کسی ایک ٹیم کو اگلے مرحلے میں جگہ بنانی ہے۔

کراچی کنگز کے پاس دو میچز ہیں اور اسے اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے ایک جیت درکار ہے جب کہ لاہور قلندرز کے پاس صرف ایک میچ ہے اور اس میں کامیابی بھی اسے اگلے مرحلے میں براہ راست نہیں پہنچا سکتی۔

پوائنٹس اسکورنگ ٹیبل پر کراچی کنگز 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور لاہور قلندرز 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

اگر لاہور قلندرز کو کوالیفائر مرحلے میں جگہ بنانی ہے تو اسے ملتان سلطانز کے خلاف کل کھیلا جانے والا میچ لازمی بڑے مارجن سے جیتنا ہوگا اور ساتھ ہی دعا بھی کرنا ہوگی کہ کراچی کنگز اپنے دونوں میچز ہار جائے۔

کراچی کنگز کی ایک فتح اسے کوالیفائر مرحلے میں پہنچا دے گی جس کے بعد لاہور قلندرز ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.