Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پاکستان میں کورونا وائرس نے  ایک ہی روز میں  5 زندگیاں نگل لیں

متاثرہ مریضوں کی تعداد 1600 تک جاپہنچی

پاکستان میں کورونا وائرس نے  ایک ہی روز میں  5 زندگیاں نگل لیں جس کے بعد ملک بھر میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 17 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 1600 تک جاپہنچی ہے۔پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں کورونا وائرس سے 68 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6 تک جاپہنچی ہے۔

اس سے قبل آج ہی مہلک وائرس سے سندھ میں 2 افراد جان کی بازی ہارگئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی طور پر تیسری ہلاکت ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں بھی ایک شخص جاں بحق ہوا اور یہ صوبے میں 5 ویں موت ہے۔

اس کے علاوہ آج ایک ہلاکت گلگت بلستان میں بھی ہوئی جہاں محکمہ صحت کا ملازم مہلک وائرس کا شکار بن گیا اور یہ گلگت میں مہلک وائرس سے دوسری موت ہے۔

آج اب تک ملک میں 96  نئے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے پنجاب میں 36،  سندھ میں 33، گلگت بلتستان میں 12، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں 4، 4 جبکہ بلوچستان میں 3 مریضوں میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔

نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1600 تک جاپہنچی ہے جبکہ پاکستان میں مہلک وائرس سے متاثرہ 31 افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان، 5 کا پنجاب سے ہے جب کہ اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے بھی 2، 2 افراد صحت مند ہوچکے ہیں۔

پنجاب

پنجاب میں اتوار کو کورونا وائرس سے ایک اور مریض انتقال کرگیا جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب سے آنے والی 68 سالہ خاتون رحیم یارخان میں زیر علاج تھی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔صوبے میں مزید 36 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 593 تک جاپہنچی ہے۔

سندھ

سندھ میں اتوار کو کورونا وائرس سے مزید دو افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔صوبائی وزارت صحت کی ترجمان نے  ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دونوں افراد نمونیہ اورکورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے۔محکمہ صحت سندھ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ جاں بحق دونوں افراد کراچی کے رہائشی ہیں، جن کی عمریں 83 اور 70 سال تھیں۔دوسری جانب صوبے میں اتوار کو 33 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 502 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں اتوار کو 3 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 141 ہوگئی ہے۔صوبائی محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ 141 مریضوں میں سے 4 ڈاکٹروں سمیت 10 افراد کی ٹریول ہسٹری نہیں ہے۔بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق اب تک 2 مریض مکمل صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ ایک مریض انتقال کر چکا ہے اور 138 مریض زیر علاج ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس نے ایک زندگی نگل لی اور محکمہ صحت کا ملازم جاں بحق ہوگیا۔ڈپٹی کمشنر نگر شاہ رخ چیمہ کے مطابق ضلع نگر میں محکمہ صحت کے ملازم کو 24 مارچ کو قرنطینہ میں رکھا گیا تھا جہاں وہ انتقال کرگیا۔ اس ہلاکت کےبعد گلگت بلتستان میں جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔خیال رہے کہ  اس سے قبل گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ خود بھی اسی مہلک وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔دوسری جانب گلگت بلتستان میں بھی اتوار کو 12 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 123 ہوگئی ہے۔ گلگت میں اب تک 6 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا کے شہر ایبٹ آباد میں اتوار کو ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے جس کی تصدیق کمشنر ہزارہ نے کی ہے۔کمشنر ہزارہ سید ظہیرالاسلام نے بتایا کہ دو روز قبل ایبٹ آباد کے مقامی اسپتال میں داخل ہونے والے سردار الیاس خان انتقال کر گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سردار الیاس خان ایک ہفتہ قبل تبلیغی جماعت کےساتھ تھے، تبلیغی جماعت کے باقی 10 افراد کو مقامی ہوٹل میں قائم قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا گیا تھا۔ دوسری جانب کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والے سردار الیاس خان کے بھتیجے خالد سلیم کا کہنا ہے کہ دو دن سے گھروں میں ہیں لیکن انتظامیہ نےکورونا ٹیسٹ نہیں کرایا۔اس ہلاکت کے بعد صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی ہے جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت نے بھی کردی ہے۔صوبے میں اتوار کو مزید 4 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 192 تک جاپہنچی ہے۔صوبائی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پشاورسے 2، لو ئر دیر اور ایبٹ آباد میں ایک ایک کیس سامنے آیا۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں بھی اتوار کو 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔آزادکشمیر کے وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی نے مزید 4 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آزادکشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔ڈاکٹر نجیب نقی کا کہنا ہے کہ دو مریضوں کا تعلق بھمبر اور دو کا میرپور سے ہے، میرپور میں بیرون ملک سے آئے متاثرہ شخص کے والدین میں بھی کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔وزیر صحت آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ چاروں مریضوں کے علاقوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔جمعرات کے روز میرپور آزاد کشمیر میں بیرون ملک سے آئے 37 سالہ شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جسے قرنطینہ منں منتقل کر دیا گیا تھا۔

ملک بھر میں جراثیم کش اسپرے کرانے کا اعلان

نیشنل ڈیزاسٹر میمنٹک اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے آج سے ملک بھر کے متاثرہ علاقوں میں جراثیم کش اسپرے کرانے کا اعلان کیا ہے۔دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کے مشتبہ افراد کی تعداد بارہ ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.