Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پشاور: باڑہ امن کمیٹی کے سربراہ ملک میر عالم کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

پشاور سٹی پٹرولنگ فورس نے باڑہ سپاہ امن کمیٹی کے سربراہ ملک میر عالم کو کو قتل کرنے میں ملوث 2 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان کے قبضہ سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ہفتہ کے روز قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ سے تعلق رکھنے والے امن کمیٹی کے سربراہ ملک میر عالم اپنی گاڑی نمبر ایل او بی 6071 میں ڈرائیور حاجی محمد کے ہمراہ باڑہ جارہے تھے کہ راستہ میں اچینی خوڑ کے قریب موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم ٹارگٹ کلرز نے اُن کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں ملک میر عالم متعدد گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) سجاد خان کے مطابق اطلاع ملنے پر کرائم سین یونٹ ٹیم جائے وقوعہ سے فائر کی گئی گولیوں کے خالی خول اور دیگر اہم شواہد اکھٹے کرلئے تھے جبکہ آپریشن ٹیم نے جائے وقوعہ سے متصل علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتار ی کے لئے ہونے والے سرچ آپریشن کے دوران حیات آباد میں ڈیوٹی پر موجود سٹی پٹرولنگ موبائل یونٹ نے دو مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر موٹر سائیکل سواروں نے رکنے کی بجائے فرار ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس ٹیم نے تعاقب کرتے ہوئے دونوں موٹر سائیکل سواروں کو قابو کر لیا اور ان کی تلاشی لینے پر ان کے قبضہ سے دو عدد 9 ایم ایم پستول برآمد کر لئے۔

ایس پی سجاد خان نے بتایا کہ موٹر سائیکل سواروں کو مشکوک سمجھتے ہوئے حراست میں لے کر سربند پولیس کے حوالہ کر دیا گیا جہاں دونوں ملزمان کی شناخت ساجد ولد دولت زئی قوم سپاہ اور کامران ولد عبدالمتین قوم شلوبر ساکنان باڑہ حال سفید ڈھیری کے ناموں سے ہوئی جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران امن کمیٹی کے سربراہ ملک میر عالم کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے کا اعتراف کر تے ہوئے دو دن قبل بھی ملک میر عالم  پر ناکام حملہ کرنے کا انکشاف کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو مزید تفتیش کے لئے انٹاروگیشن ٹیم کے حوالہ کردیا گیا ہے جن سے اہم انکشافات متوقع ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.