Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پشاور: دن دیہاڑے راہزنی کی واردات , مزاحمت پر جواں سال طالبعلم قتل

پشاور کے نواحی علاقہ پشتہ خرہ میں دن دیہاڑے راہزنی کی واردات کے دوران مزاحمت پر جوانسال قبائلی طالب کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا جبکہ فقیر آباد میں مزاحمت پر ایک شخص کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق کامران ولد دلاور ساکن رزمک شمالی وزیرستان نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ اس کا بھائی 21 سالہ ذیشان اقراء یونیورسٹی میں مکینیکل انجینئرنگ کے سیکنڈ سمسٹر کا طالب علم تھا اور کینال روڈ پر واقع نجی ہاسٹل میں رہائش پذیر تھا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز ذیشان کام کے سلسلہ میں باہر نکلا تھا جہاں موٹرسائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے اُس سے موبائل فون چھین لیا جبکہ مزاحمت پر ملزمان نے اُس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی ہے اور مقدمہ درج کرکے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کردیا۔

دوسری جانب تھانہ فقیر آباد کی حدود میں بھی راہزنی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کا ایک واقعہ رونما ہوا۔ پولیس کے مطابق اسحاق نامی شخص کو اس وقت رہزنوں نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا جب اُس نے موبائل چھیننے کی واردات کے دوران مزاحمت کی، مجروح کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.