Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پشاور کے محمد حمزہ خان نےپاکستان کو برٹش جونیئر اوپن سکواش کا ٹائٹل جتوا دیا

پاکستان کے محمد حمزہ خان نے برٹش جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ میں انڈر 15 کا ٹائٹل جیت لیا۔ یہ برٹش جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ میں 8 سال بعد پاکستان کا پہلا ٹائٹل ہے۔

برمنگھم میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ میں حمزہ خان نے انڈر 15 کے فائنل میں انگلینڈ کے یوسف شیخ کو 16 منٹ میں 4-11 ، 3-11 اور 7-11 سے شکست دے دی۔

برطانوی حریف کیخلاف پشاور سے تعلق رکھنے والے پاکستان انڈر 15 پلیئر نے پہلا گیم 6 منٹ جبکہ اگلے دو گیمز 5، 5 منٹ میں جیت کر 2012 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کو برٹش اوپن میں ٹائٹل جتوایا۔ 2012 میں بھی انڈر 15 پلیئر نے پاکستان کو برٹش اوپن کا ٹائٹل جتوایا تھا جب اسرار احمد نے اس کیٹیگری کا فائنل جیتا تھا۔

محمد حمزہ خان 2017 سے اب تک 9 گولڈ میڈلز جیت چکے ہیں جس میں دو ایشین جونیئر چیمپئن شپ کے میڈلز بھی شامل ہیں۔ محمد حمزہ خان مجموعی طور پر کسی بھی ایج گروپ میں برٹش اوپن ٹائٹل حاصل کرنے والے 13 ویں پاکستانی ہیں، انڈر 15 کا اعزاز حاصل کرنے والے وہ پانچویں پاکستانی ہیں۔

ان سے قبل اسرار احمد، شعیب حسن، عامر اطلس خان اور فرحان محبوب بھی انڈر 15 میں برٹش اوپن جیت چکے ہیں۔ جیت کے بعد گفتگو میں حمزہ خان نے کہا کہ وہ یہ اعزاز حاصل کرکے خوش ہیں، اب اگلے سال وہ انڈر 17 میں مقابلہ کریں گے اور کوشش کریں گے کہ دوبارہ پاکستان کیلئے اعزازجیتیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.