Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پیٹرول کی قیمت میں اچانک 25 روپے 58 پیسے کا بڑا اضافہ،وزیراعظم عمران خان نے منظوری دے دی

پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ چینی اسکینڈل پارٹ ٹو ہے: اپوزیشن لیڈر

کورونا کی وجہ سے معاشی مسائل سے دوچار عوام کیلئے بری خبر ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 25 روپے فی لیٹر تک اضافہ کردیا گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کی سمری منظور  کرلی جس کے بعد وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول 25 روپے 58 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 100روپے 10پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

ڈیزل کی قیمت 21 روپے 31 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 101روپے46پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 23روپے 50پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 59روپے 6 پیسے مقرر کی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 17روپے 84پیسے فی لیٹراضافہ کیا گیا ہے اور اس کی نئی قیمت 55روپے 98 پیسے مقرر ی گئی ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی کھپت کم ہونے سے قیمتیں تاریخ کی کم تریں سطح پر پہنچ گئی تھیں جس کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کی گئی تھی۔

 

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر لاہور سے جاری رد عمل میں شہباز شریف نے کہا کہ کورونا کی دلدل میں دھنسی قوم پر پیٹرول بم پھینک دیا گیا ہے ، پیٹرولیم قیمتوں میں 33 فیصد اضافہ چینی اسکینڈل پارٹ ٹو ہے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ اس وقت کیا گیا جب ملک میں پہلے ہی پیٹرول کی قلت ہے، چینی کے بعد پیٹرول مافیا کو بھی عوام کو لوٹنے کا لائسنس دے دیا گیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ پیٹرول مافیا جیت گیا ہے اور عوام ہار گئے ہیں، یہ حکومت مافیاز کی سب سے بڑی حمایتی ثابت ہوئی ہے، پیٹرول کے معاملے میں بھی چینی چوری والی واردات دہرائی گئی ہے، مہنگائی کا سونامی غریبوں کو کھاجائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.