Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کابل:تین بڑےبم دھماکوں میں کم ازکم 7 جاں بحق 21 زخمی

کابل.افغان دارالحکومت کابل میں تین بڑےبم دھماکوں میں کم ازکم سات افراد ہلاک ہو گئے۔ان بم حملوں میں اکیس افراد زخمی بھی ہوئےجبکہ تین میں سے ایک دھماکا ایک خود کش بم حملہ تھا۔
کابل سےملنے والی رپورٹوں کےمطابق ملکی دارالحکومت میں صحت عامہ کی وزارت کےترجمان وحیداللہ نےبتایا کہ یہ تینوں دھماکے کابل کے مشرقی حصے میں ہوئے۔ ان میں سے پہلا حملہ ایک موٹر سائیکل پر سوار عسکریت پسند کی طرف سےکیا گیا ایک خود کش بم حملہ تھا، جس نے خود کو ملکی وزارت معدنیات کے اہلکاروں کی ایک بس کے قریب دھماکے سے اڑا دیا۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نےبتایا کہ دوسرا بم حملہ بھی مشرقی کابل کے اسی علاقے میں کچھ ہی دیر بعد کیا گیا جبکہ تیسرا دھماکا مشرقی کابل ہی میں لیکن پہلے دو دھماکوں کے مقامات سے کچھ دور کیا جانے والا ایک کار بم حملہ تھا۔

افغان دارالحکومت میں ایسا کافی عرصے بعد ہوا ہے کہ عسکریت پسندوں نے سرکاری یا عوامی اہداف کو نشانہ بناتےہوئےشہر میں چند ہی گھنٹوں کےاندر اندر تین مختلف مقامات پر بڑے بم دھماکے کیے ہیں۔ان میں سےخود کش حملہ آور کی طرف سےکیےگئےبم دھماکے میں کم از کم پانچ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
ملکی وزارت داخلہ کے ایک ترجمان کے مطابق،”ان میں سے پہلا حملہ، جو ایک خود کش بم دھماکا تھا،مقامی وقت کے مطابق آج جمعرات کو صبح آٹھ بج کردس منٹ پر کیا گیا۔ جس بس کو نشانہ بنایا گیا،وہ ملکی وزارت معدنیات اور پٹرولیم کےاہلکاروں کی بس تھی۔اس دھماکےمیں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔‘‘

خبر رساں ادارے کے مطابق فوری طور پر ان تینوں بم حملوں کی ذمے داری کسی بھی گروہ نے قبول نہیں کی۔ تاہم یہ بات اہم ہےکہ یہ نئے حملے کابل میں ایک ایسے وقت پر کیے گئے ہیں، جب طالبان عسکریت پسندوں کےمذاکراتی نمائندے کسی ممکنہ امن معاہدے تک پہنچنے کے لیے امریکی حکام کے ساتھ اپنی بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

کچھ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ افغانستان بالخصوص کابل میں عسکریت پسند اپنے حملوں میں اس لیے مقابلتاﹰ تیزی لاتے جا رہے ہیں کہ وہ امریکا کے ساتھ مذاکراتی عمل اور کسی ممکنہ امن معاہدے کے سلسلے میں اپنی پوزیشن بہتر بنا سکیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.