Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کرائسٹ چرچ حملے میں ایبٹ آباد کا باپ اور بیٹا بھی شہید

نیوزی لینڈ میں مساجد پر انتہاپسندوں کی دہشتگردی کے دوران دوسروں کی جان بچاتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے بہادر پاکستانی نعیم راشد کو ہیرو قرار دیا جارہا ہے۔

گزشتہ روز کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر فائرنگ کرکے 49 مسلمانوں کو شہید کرنے کے واقعے کے دوران پاکستانی شہری نعیم راشد نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے دوسروں کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کردی۔ نعیم راشد دوران فائرنگ حملہ آور کو قابو کرنے کی کوشش کرتے ہوئے زخمی ہوئے اور اسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے۔

دل دہلا دینے والے واقعے میں نعیم راشد کے بیٹے بھی گولیوں کی زد میں آکر شہید ہوئے۔ عینی شاہد نے بتایا کہ نعیم راشد نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے حملہ آور کو قابو کرنے کی کوشش کی اور اپنی جان قربان کردی۔ بین الاقوامی میڈیا بھی شہید نعیم راشد کو ہیرو قرار دے رہا ہے۔

کرائسٹ چرچ مسجد حملے میں شہید ہونے والے نعیم راشد اور ان کے بیٹے طلحہ کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے۔ نعیم راشد کے بھائی ڈاکٹر خورشید عالم نے  اپنے بھائی اور بھتیجے کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔ نعیم راشد نیوزی لینڈ میں ٹیچر تھے اور ان کے بیٹے طلحہ طالبعلم تھے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ کرآئسٹ چرچ میں دو مساجد پر دہشتگردوں کے حملےمیں پانچ پاکستانی لاپتہ ہیں جبکہ چار زخمی ہو ئے ہیں جن کا علاج ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا مقامی حکام کی مدد سے لاپتہ افراد کی شناخت کی تصدیق کرنےکی کوشش کر رہےہیں۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جاسنڈا آرڈرن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حملہ آور کے پاس پانچ گنیں تھیں اور ان کے پاس اس کا لائسینس بھی تھا۔

حملہ آور برینٹن جس کی عمر 28 برس ہے کو سنیچر کو عدالت میں قتل کے الزامات عائد کیے گئے۔ جبکہ حکام کی تحویل میں دو اور لوگ بھی موجود ہیں۔حملے کے ایک دن بعد کرائسٹ چرچ میں وزیراعظم نے کہا کہ ’گن سے متعلق ہمارا قانون تبدیل کیا جائے گا۔‘

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.