Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی عمارت پر حملہ، تمام 4 دہشت گرد ہلاک

دہشتگردوں کے حملے میں ایک پولیس سب انسپکٹر اور اسٹاک ایکسچینج کے 2 سیکیورٹی گارڈ بھی شہید ہوگئے

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور اسٹاک ایکسچینج کے 2 سیکیورٹی گارڈ شہید ہوگئے جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں چاروں دہشتگرد مارے گئے۔پولیس کے مطابق پیر کی صبح 10 بجے کے قریب 4 دہشتگردوں نے پہلے اسٹاک ایکسچینج کے گیٹ پر دستی بم حملہ کیا اور پھر اندھا دھند فائرنگ کردی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور آپریشن شروع کردیا۔

پولیس کے مطابق پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے اسٹاک ایکسچینج میں داخلے کی کوشش کرتے وقت 2 دہشتگردوں کو ہلاک کیا جب کہ مزید 2 دہشتگردوں کو آگے ہی مار گرایا اور  دہشتگرد اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں داخل نہ ہوسکے۔پولیس ترجمان کا بتانا ہےکہ دہشتگردوں کے حملے میں ایک پولیس سب انسپکٹر اور اسٹاک ایکسچینج کے 2 سیکیورٹی گارڈ بھی شہید ہوگئے، اس کے علاوہ پولیس اہلکار سمیت 7 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔حملے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے قریبی علاقوں کا مکمل محاصرہ کرلیا جب کہ آئی آئی چندریگر روڈ کو میری ویدرٹاور اور شاہین کمپلیکس سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔پولیس کا کہنا ہےکہ دہشتگرد جدید اسلحہ سے لیس تھے اور ان کے پاس ہینڈ گرینیڈ بھی موجود تھے۔

کراچی پولیس کے سربراہ غلام نبی میمن نے حملے کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ 4 دہشتگردوں نے اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی کوشش کی لیکن فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں چاروں دہشتگرد مارے گئے۔غلام نبی میمن نے بتایا کہ دہشتگرد پارکنگ ایریا سے سلور رنگ کی کار میں آئے تھے ان کے پاس اسلحہ اور گولہ بارود بھی تھا جو فورسز نے قبضے میں لے لیا ہے۔ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے اور دہشتگردوں کے دیگر ساتھیوں کے شبے میں سرچ آپریشن کیا گیا ہے۔ترجمان سندھ رینجرز نے بھی آپریشن میں تمام دہشتگردوں کے مارے جانے کی تصدیق کی۔

پولیس کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے لیے عمارت کو مکمل طور پر خالی کرالیا اور عمارت کو بند کرکے آپریشن کیا گیا، سرچ آپریشن کے بعد عمارت کو کلیئر کردیا گیا جس کے بعد اسٹاک ایکسچینج میں معمول کےمطابق کاروبار شروع ہوگیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہےکہ دہشتگردوں کے پاس موجود جدید اسلحہ،دستی بم اوردیگر اشیاءکو بھی قبضے میں لے لیا گیا جب کہ دہشتگردوں کی زیراستعمال گاڑی کی رجسٹریشن کی معلومات حاصل کی جارہی ہیں اور گاڑی کے مالک کا پتا چلنے کے بعد تحقیقات مزید آگے بڑھائی جائیں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.