Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کراچی: گولیمار میں تین رہائشی عمارتیں گر گئیں، 14 افراد جاں بحق

کراچی میں رہائشی عمارت زمین بوس ہو گئی جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 17 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔رہائشی عمارت گرنے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

کراچی پولیس کے سرجن ڈاکٹر کرار عباسی نے 14افراد کے ہلاک ہو نے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق جاں بحق افراد میں دو حقیقی بہنیں، شیرخوار سمیت دو کم سن بھائی بھی شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں 7 خواتین، 3 بچے اور ایک مرد شامل ہے۔ڈاکٹر کرار عباسی نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 9 ماہ کا حیدر اور اس کا تین سالہ بھائی خرم بھی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حادثے میں 16 سالہ حرا رشید اور اس کی چھوٹی بہن سارہ رشید بھی جان کی بازی ہار گئیں جبکہ عباسی شہید ہسپتال میں سب سے پہلے لائی جانے والی خاتون کی لاش کی بھی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔

ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی نے کہا کہ زخمیوں کو سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز کی سربراہی میں فوری طبی امداد فراہم کی جارہی ہیں۔علاقے کی گلیاں تنگ ہونے کے باعث بھاری مشینری وہاں تک پہنچانے اور ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ نے ایس ایس پی سینٹرل کو ریسکیو اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریسکیو اقدامات کو ہر لحاظ سے مربوط اور مؤثر بنائیں۔ واقعے سے متعلق رپورٹس میں بتایا گیا کہ منہدم ہونے والی عمارت 5 منزلہ تھی اور اس پر چھٹی منزل تعمیر کی جا رہی تھی۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گولیمار میں عمارت گرنے کا نوٹس لے لیا اور کمشنر کراچی کو فوری طور پر آپریشن کرکے پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایات جاری کیں کہ ڈپٹی کمشنر کو فوری طور پر علاقے میں بھیجا جائے جبکہ انہوں نے عمارت کی تعمیر کے حوالے سے بھی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ یہ عمارت کب بنی تھی اور اس کی تعمیر قانونی طور پر ہوئی یا اسے غیرقانونی طریقے سے بنایا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.