Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کسی بھی دہشت گرد تنظیم کی پاکستان میں کارروائی قابل قبول نہیں۔وزیراعظم

،ایران آنےکامقصد دہشت گردی پربات چیت ہے،دہشت گردی دونوں ممالک کے تعلقات پر اثر انداز ہوئی۔تہران میں ایرانی صدر حسن روحانی کےساتھ مشترکہ پریس کانفرنس

تہران:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی سرزمین کسی صورت دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے اور کسی بھی دہشت گرد تنظیم کی پاکستان میں کارروائی قابل قبول نہیں۔

تہران میں ایرانی صدر حسن روحانی کےساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کےدوران وزیراعظم عمران خان کاکہناتھاکہ ایرانی صدر سے ملاقات میں اعتماد سازی پربات چیت ہوئی،ایران میں امیروغریب میں کوئی فرق نہیں،دیکھ کر خوشی ہوئی،پاکستان نےدہشت گردی کےخلاف جنگ میں ہزاروں جانوں کا نذرانہ دیا،کسی بھی دہشت گرد تنظیم کی پاکستان میں کارروائی قابل قبول نہیں،ایران آنےکامقصد دہشت گردی پربات چیت ہے،دہشت گردی دونوں ممالک کے تعلقات پر اثر انداز ہوئی۔

وزیراعظم نےکہاکہ کچھ روزقبل بلوچستان دہشت گردی میں سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے،دونوں ممالک دہشت گردی کےخاتمے کے لیے پرعزم ہیں، پاک سر زمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے جب کہ دورے کا مقصد دہشت گردی پر قابو پانا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نےکہاکہ افغانستان میں امن ایران اورپاکستان کے مفاد میں ہے جبکہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم بڑھتے جارہے ہیں، مسئلہ کشمیر کا حل ہی خطے کی ترقی کا ضامن ہے،انصاف کے بغیر امن ممکن نہیں جب کہ فلسطینیوں کو بھی انصاف ملنا چاہیے۔

مشترکہ پریس کانفرنس کےدوران ایرانی صدرحسن روحانی نےکہاکہ عمران خان سےدوطرفہ تعلقات اوراہم معاملات پرتعمیری بات چیت ہوئی،سرحدوں پرسیکیورٹی کےمعاملات اورایران پاکستان گیس پائپ لائن پربھی بات چیت ہوئی جبکہ دوطرفہ تجارت کووسعت دینے پراتفاق ہوا ہے۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ تہران سے بہت خوش ہوں، عمران خان کی دعوت پر جلد پاکستان کا دورہ بھی کروں گا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان ایران کے صدارتی محل سعدآباد پیلس پہنچے جہاں ایرانی صدر حسن روحانی نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات بھی کی۔

وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز تہران کے مہرآباد ائیرپورٹ پہنچے تھے جہاں ایران کے وزیر صحت سعید ناماکی نے وزیراعظم کا استقبال کیا اور ائیرپورٹ پر ہی گارڈ آف آنر بھی پیش کیاگیا۔

تہران آمد سے پہلے عمران خان ایران کے شہر مشہد بھی گئے جہاں گورنر جنرل خراسان علی رضارزم حسینی نے وزیراعظم کا استقبال کیا، وزیراعظم نے مشہد میں قرآن پاک میوزیم اور امام رضا کے روضہ مبارک کا دورہ بھی کیا۔

وزیراعظم عمران خان کے ساتھ وفد میں شیریں مزاری، علی حیدر زیدی، عبدالرزاق داؤد، معاونین خصوصی زلفی بخاری، ظفراللہ مرزا اور ندیم بابر بھی شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.