Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کورونا وائرس: ملک میں متاثرین کی تعداد 1866 ہوگئی

پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی کیسز 1866 تک جا پہنچے ہیں۔پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتو ں میں سے پنجاب میں سب سے زیادہ 9 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ سندھ میں 7 اور خیبرپختونخوا میں 6 افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں ایک اور  گلگت بلتستان میں اب تک 2 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے ہیں۔

پاکستان میں آج بروز منگل اب تک کورونا وائرس کے مزید 103کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے سندھ میں 61، گلگت بلتستان میں 20، بلوچستان میں 10، خیبرپختونخوا میں 4 اور اسلام آباد میں مزید 7 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ سرکاری پورٹل پر پنجاب میں بھی ایک کیس اضافی بتایا جارہا ہے۔

سندھ

سرکاری پورٹل پر سندھ میں کورونا وائرس سے مزید ایک ہلاکت رپورٹ کی گئی ہے جس کے بعد صوبے میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 7 بتائی گئی ہے تاہم صوبائی حکومت نے ہلاکت کی تصدیق نہیں کی۔صوبائی محکمہ صحت کی سمری کے مطابق سندھ میں آج بروز منگل کورونا وائرس کے نئے تمام 61 کیسز لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں جن میں سے کراچی کے 45 اور جام شورو کے 2 کیسز ہیں جب کہ حیدرآباد میں تبلیغی جماعت کے مزید 14 افراد میں کیسز کی تصدیق ہوئی ہے.محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 294 اور حیدرآباد میں 57 ہوگئی ہے جب کہ دادو میں ایک، جیکب آباد میں ایک اور جامشورو میں 2 کیسز ہیں۔اس کے علاوہ سکھر میں موجود زائرین میں 265 اور لاڑکانہ میں 7 زائرین کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

خیبرپختونخوا

آج بروز منگل خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید 4 کیس سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں جب کہ ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے جس کےبعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔پورٹل پر نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 221 ہوگئی ہے۔سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں مہلک وائرس سے اب تک 6 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں آج بروز منگل کورونا وائرس کے مزید 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی حکومت کے ترجمان کی جانب سے کی گئی ہے۔صوبے میں کورونا وائرس کے نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی تعداد 154 ہوگئی ہے۔بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق اب تک 2 مریض مکمل صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ ایک مریض انتقال کر چکا ہے۔

گلگت بلتستان

آج گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 148ہوگئی ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہے۔گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے ایک وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ ہیں جب کہ ایک کا تعلق محکمہ صحت سے تھا۔

پنجاب

گزشتہ روز پنجاب میں کورونا وائرس سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوئے جس کےبعد صوبے میں مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 9 تک جا پہنچی ہے۔سرکاری پورٹل پر پنجاب میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 652 بتائی گئی ہے جب کہ صوبائی حکومت  نے 651 کیسز کی تصدیق کی ہے۔پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت چیمہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق مریضوں کی عمریں 70، 55 اور 42 سال تھیں اور ان میں سے 2 مریضوں کی ٹریول سٹری بھی موجود تھی۔

 

اسلام آباد

سرکاری پورٹل کے مطابق آج اسلام آباد میں کورونا وائرس کے اب تک 7 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں مجموعی تعداد 58 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں اتوار کے بعد سے تاحال کورونا وائرس کا اب تک کوئی کیس سامنے نہیں آیا البتہ اتوار کو 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔آزادکشمیر کے وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی نے مزید 4 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ آزادکشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔ڈاکٹر نجیب نقی کا کہنا تھا کہ دو مریضوں کا تعلق بھمبر اور دو کا میرپور سے ہے، میرپور میں بیرون ملک سے آئے متاثرہ شخص کے والدین میں بھی کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔وزیر صحت آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ چاروں مریضوں کے علاقوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.