Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کورونا وائرس: پاکستان میں کیسز کی مجموعی تعداد 2081 ہوگئی

پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 26 ہوگئی ہے جب کہ مزید کیس سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 2081 تک جا پہنچی ہے۔منگل کو پاکستان میں کورونا سے 3 ہلاکتیں ہوئیں جن میں سے سندھ میں 2 اور خیبرپختونخوا میں ایک ہلاکت ہوئی۔پاکستان میں اب تک ہونے والی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں 9، سندھ 8، خیبرپختونخوا 6، بلوچستان ایک اور گلگت بلتستان میں 2 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ پاکستان میں آج اب تک کورونا وائرس کے 48 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پنجاب

پنجاب میں آج بروز بدھ کورونا وائرس کے مزید 32 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان مسرت چیمہ کی جانب سے کی گئی ہے۔ پنجاب میں نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 740 ہوگئی ہے۔

مسرت چیمہ کے مطابق لاہور میں کورونا وائرس کے 159 مریض ہیں جب کہ ڈی جی خان سے207 زائرین اور  ملتان میں 91 زائرین میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔رائے ونڈ قرنطینہ میں41، فیصل آباد 5، راولپنڈی 46، جہلم 28 اور  گجرات میں کورونا وائرس کے 86 مریض ہیں۔اس کے علاوہ ننکانہ میں 13، گوجرانوالہ 12، منڈی بہاؤالدین 4 جب کہ اٹک اور قصور میں ایک ایک کیس ہے۔ ۔

سندھ

سندھ میں آج بروز بدھ کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں تاہم محکمہ صحت کی سمری میں ان کیسز کی نشاندہی نہیں کی گئی اور مجموعی نمبر 676 سے 679 بتایا گیا ہے جب کہ صوبے میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 8 ہے۔سندھ میں وزیراعلیٰ کی جانب سے 676 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے تاہم محکمہ صحت نے 679 کیسز بتائے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں آج بروز بدھ کورونا وائرس کے مزید 4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی نے کی۔ صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 158 ہوگئی ہے۔بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ  صوبے میں ایک روز میں مزید 17 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں آج بروز بدھ کورونا وائرس کے مزید 6 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 184 ہوگئی ہے۔دوسری جانب مشیر اطلاعات گلگت بلتستان کا کہنا ہےکہ علاقے میں 36 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 183 ہے.مشیر اطلاعات نے بتایا کہ نگر میں 16،کھرمنگ  10،اسکردو 6 اور شگر میں 4 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی۔ آزاد کشمیر کے وزیر صحت  نے کیسز کی تصدیق کی جب کہ ڈپٹی کمشنر سردار خالد محمود نے بتایا کہ کورونا کے 2 مریضوں کا تعلق بھمبر  سے ہے جن میں سے ایک 12 سال کی بچی اور ایک برطانیہ سے آنے والا شہری وائرس میں مبتلا ہے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق تراڑ کھل سندھوتی میں بھی ایک شخص میں کوروناکا ٹیسٹ مثبت آیاہے۔

خیبرپختونخوا

گزشتہ روز منگل کو خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔صوبائی حکومت کے فوکل پرسن نے صوبے میں اموات کی تعداد 6 ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ہفتے قبل انتقال کر جانے والے شخص کی رپورٹ گزشتہ روز موصول ہوئی جس میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔دوسری جانب گزشتہ روز صوبے میں 32 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 253 تک جاپہنچی ہے۔

اسلام آباد

سرکاری پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں منگل کو کورونا وائرس کے 7 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں مجموعی تعداد 58 ہوگئی ہے۔ تاہم آج بدھ کے روز سرکاری پورٹل پر اسلام آباد کے کیسز میں کمی کی گئی ہے اور یہ تعداد 54 بتائی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.