Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پی ایس ایل کے میچز پشاور میں بھی کرانے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پشاور میں بھی پی ایس ایل میچز کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے 4 فروری کو گورننگ بورڈ کا اجلاس پہلی بار پشاور میں ہورہا ہے جس میں ان معاملات پر مزید پیش رفت کا جائزہ لیاجائے گا۔

ذرائع کے مطابق پشاور میں پہلی بار ہونے والے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں بنگلا دیش کے خلاف سیریز، پی ایس ایل اور انٹرنیشنل کرکٹ کیلنڈرز پر تبادلہ خیال کے ساتھ اہم فیصلوں کی منظوری بھی ہوگی جب کہ بورڈ سربراہ کھیل کی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر اپنی رپورٹ بھی پیش کریں گے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل فائیو کا باقاعدہ آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہو گا اور ٹورنامنٹ 22 مارچ تک جاری رہے گا اور ٹکٹوں کی فروخت کا عمل 20 جنوری سے شروع ہو گا۔

پی ایس ایل 2020 کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا فائنل 22 مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہو گا۔ ٹورنامنٹ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے، تمام 34 میچز ملک بھر کے 4 مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی میزبانی کے بعد ایچ بی ایل پی ایس ایل کے تمام میچز کا پاکستان میں انعقاد پاکستان کرکٹ بورڈ کی بڑی کامیابی ہے۔ احسان مانی کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے انعقاد سے معیشت اور سیاحت کو فروغ ملے گا جو ملک کی مجموعی ترقی میں معاون ثابت ہو گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.