Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

اشتعال انگیز تقریر کیس میں ایم کیو ایم پی کے فاروق ستار اور عامر خان پر فرد جرم عائد

کراچی: کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر کیس میں ایم کیو ایم پاکستان (ایم کیو ایم پی) کے رہنما فاروق ستار اور عامر خان سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔
انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں اشتعال انگیز تقریر، قتل، بغاوت اور میڈیا ہاؤسز پر حملے کے مقدمات کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران فاروق ستار کے علاوہ عامر خان اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے ملزمان سے استفسار کیا کہ کیا آپ لوگوں نے یہ سنا جس پر کمرہ عدالت میں موجود تمام ملزمان نے بیک وقت صحتِ جرم سے انکار کیا، جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کچھ تو خدا کا خوف کریں اورسچ بولیں کیا ایسا کچھ نہیں کہا جس پر ملزمان نے ایک بار پھر دہرایا کہ ہم نے ایسا کچھ نہیں سنا۔
عدالت نے فاروق ستار سمیت 60 ملزمان پر دو مقدمات میں فرد جرم عائد کردی۔ فرد جرم کے مطابق مقدمے میں مفرور ایم کیو ایم کے بانی نے 22 اگست 2016 کو کراچی پریس کلب کے باہر اشتعال انگیزتقریر کی، ملزمان نے اس تقریرمیں سہولت کاری کی، تقریر میں ملکی سالمیت اور ملکی بغاوت کا اعلان کیا گیا، ایم کیو ایم کے بانی نے نجی ٹی وی چینلز کے دفاتر پر حملہ کرنے کا بھی کہا۔
واضح رہے کہ 22 اگست سے قبل ایم کیو ایم کے بانی نے پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کے دوران ملک کے اداروں کے خلاف اشتعال انگیز باتیں کی تھیں جس پران سمیت کئی دیگر پارٹی رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.