Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

افغان صدر نے طالبان قیدیوں کی رہائی کے فرمان پر دستخط کر دیے

افغانستان کے صدر اشرف غنی طالبان قیدیوں کی رہائی کے صدارتی فرمان پر دستخط کر دیئے۔ افغان صدر کے ترجمان صدیق صدیقی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‘افغان حکومت نے فریم ورک طے کرلیا ہے جس کے تحت کشیدگی میں بڑی حد تک کمی لانے کے لیے قیدیوں کا تبادلہ ہوگا۔’

دوسری جانب طالبان نے افغان حکومت کی جانب سے اپنے قیدیوں کی رہائی کے امکان کے باعث گاڑیاں روانہ کردیں اور کہا کہ وہ بھی معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے ایک ہزار سرکاری قیدیوں کو حوالے کریں گے۔دوحہ میں طالبان کے سینئر رہنما نے کہا کہ طالبان قیدیوں کو لینے کے لیے گاڑیاں بگرام جیل کے قریب علاقے میں روانہ کی گئی ہیں۔’

اشرف غنی نے گزشتہ روز دوسری مدت کے لیے افغانستان کے صدر کے طور پر حلف اٹھانے کے بعد کہا تھا کہ طالبان کے ساتھ قیدیوں کی رہائی کا طریقہ کار طے پاگیا ہے اور اس حوالے سے صدارتی فرمان جاری کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اشرف غنی نے کابل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘افغان حکومت نے 5 ہزار طالبان قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے کوئی وعدہ نہیں کیا’۔افغانستان میں امن کے قیام کے لیے اس معاہدے کی جزوی حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا تھا کہ طالبان کی جانب سے ایک ہزار قیدیوں کی رہائی کے بدلے میں 5 ہزار طالبان جنگجوؤں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔افغان صدر کا کہنا تھا کہ ‘یہ امریکا کے دائرہ اختیار میں نہیں تھا بلکہ وہ صرف ایک سہولت کار کا کردار ادا کر رہے تھے’۔ دوسری طرف طالبان نے افغان صدر کے بیان پر ردعمل میں کہا تھا کہ جب تک ہمارے 5 ہزار قیدی رہا نہیں کیے جاتے اس وقت تک بین الافغان مذاکرات میں شریک نہیں ہوں گے اور طویل جنگ کے خاتمے کے لیے اس کو بنیادی قدم قرار دیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.