Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

اپر دیرکے گائوں میں پراسرار آتشزدگی، کئی مکانات خاکستر

ضلع اپر دیر کے ایک گائوں میں پراسرار آتشزدگی کے باعث 20 مکانات جل کر خاکستر ہوگئے تاہم واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ پہاڑ کی چوٹی پر واقع اترنگو تنگی نامی یہ گاؤں 20 مکانات پر مشتمل ہے جہاں رہائش پذیر افراد سردیوں کا موسم شروع ہوتے ہی میدانی علاقوں میں ہجرت کرجاتے ہیں اور گرمیاں شروع ہونے کے ساتھ واپس اپنے گھروں میں آجاتے ہیں، آگ لگنے کے دوران مذکورہ مکانات میں کوئی بھی موجود نہیں تھا جس کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

گزشتہ شب اترنگو تنگی کے قریب واقع دوسرے گاؤں کے بعض افراد نے آگ کے بلند شعلوں کو دیکھ کر علاقے میں اعلانات کروائے جس کے بعد مقامی افراد جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تاہم آگ کے شعلوں نے تمام مکانات کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا تھا۔ کچھ لوگوں کا کہنا تھا بظاہرایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ آگ نامعلوم شرپسندوں نے لگائی ہے تاہم اصل حقائق پولیس کی جانب سے تحقیقات میں ہی سامنے آئیں گے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ آگ سے متاثرہ گاؤں دشوار گزار راستوں اور بلند چوٹی پر واقع ہے جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب آگ کے شعلوں کی نذر ہونے والے مکانات کے مالکان کا کہنا ہے کہ اُن کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی یا عداوت نہیں ہے تاہم پہلے بھی ایسا ہی ایک واقعہ رونما ہوا تھا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس جلد از جلد ملزمان کا سراغ لگا کر اُنہیں قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.