Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

بسمہ معروف سیزن2022-23 کیلئے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار

قومی خواتین کرکٹ ٹیم بیل فاسٹ آئرلینڈ روانہ ہوجائے گی

لاہور(زمل خان) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بسمہ معروف کو سیزن2022-23 کیلئے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس سیزن کے دوران قومی ٹیم ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سمیت 25میچز کھیلے گی ۔ سیزن کا آغاز رواں ماہ سری لنکا کے خلاف کراچی میں شیڈول تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز سے ہوگا۔
اس کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم بیل فاسٹ آئرلینڈ روانہ ہوجائے گی۔ جہاں وہ میزبان آئرلینڈ اور ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کرے گی ۔ سیریز12سے24جولائی تک کھیلی جائے گی۔
سہ ملکی سیریز مکمل کرنے کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم بسمہ معروف کی قیادت میں برمنگھم روانہ ہوگی۔ جہاں انہیں 25جولائی سے 8اگست تک شیڈول کامن ویلتھ گیمز میں شریک ہوگی ۔
آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ2022کی طرح بسمہ معروف بیلفاسٹ اور برمنگھم بھی اپنی بیٹی اور والدہ کے ہمراہ روانہ ہوں گی۔ پی سی بی اپنی پیرنٹل اسپورٹ پالیسی کے تحت یہ اخراجات برداشت کرے گا ۔
اکتوبر میں آئرلینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان آئے گی ۔ دورے میں تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز شامل ہوں گے ۔ اس کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں شرکت کرنی ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.