Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

بلوچستان کے علاوہ تمام صوبوں میں تعلیمی ادارے بند، مختلف شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

اسلام آباد ۔ سپریم کورٹ کی جانب سے آسیہ بی بی کی رہائی کے فیصلے کے بعد مذہبی جماعتوں کے احتجاج کے پیش نظر سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
کراچی میں پرائیوٹ سکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے حالات کے پیش نظر آج تعلیمی ادارے بند رکھے گئے ہیں جب کہ نجی سکول ایسوسی ایشن نے محکمہ تعلیم سندھ سے اپیل کی ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا جائے۔
پنجاب بھر میں بھی تعلیمی ادارے آج بند ہیں جب کہ ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ صوبے کے تمام ثانوی تعلیمی بورڈز کے تحت بارہویں جماعت کے آج ہونے والے پرچے ملتوی کردیے گئے جن کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ادھر یونیورسٹی آف سوات بھی بند کر دی گئی ہے جس کے باعث آج ہونے والے پرچے ملتوی کر دیے گئے، یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق پرچوں کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
چارسدہ، دیر بالا، مالا کنڈ اور بنوں میں بھی تمام نجی تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ بنوں کی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں آج ہونے والے پرچے ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
بلوچستان کے سیکرٹری تعلیم کے مطابق صوبے میں تمام سرکاری سکول معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، حکومت بلوچستان کی جانب سے آج سکولوں میں تعطیل کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا تاہم کوئٹہ میں کیھتولک بورڈ، پاک ترک سکول سمیت چند نجی سکولوں کی انتظامیہ نے سکولز بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے صوبے میں سیکیورٹی صورت حال کے پیش نظر پولیس اور رینجز کو ہائی الرٹ کر دیا جبکہ لاہور اور اسلام آباد میں آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلیں گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ امن وامان میں خلل ڈالنے والوں اور تمام شہروں میں قانون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
پنجاب حکومت نے صوبے میں دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز اور پولیس سربراہوں کو ہدایات جاری کردی ہیں جس کے بعد پولیس نے لاہور اور اسلام آباد میں آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلیں۔
علاوہ ازیں، ملک کے مختلف شہروں میں بھی سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا تاکہ امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش سے بروقت نمٹا جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.