Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

حکومت کا نواز شریف کو اسپتال میں داخل کرنے کا فیصلہ

لاہور: پنجاب حکومت نے ڈاکٹروں کی تجویز پر سابق وزیراعظم نواز شریف کو اسپتال میں داخل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق نوازشریف کو آج کوٹ لکھپت جیل سے سروسز اسپتال منتقل کیا جائے گا۔یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت کی جانب سے العزیزیہ ریفرنس میں سنائی گئی 7 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔  کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف کا چند روز قبل جیل میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے طبی معائنہ کیا تھا جس میں امراض قلب کے ماہرین بھی شامل تھے۔

دوسری جانب مختلف میڈیکل ٹیسٹ کے لیے جناح اسپتال بھی نمونے بھجوائے گئے تھے جبکہ دل کے ٹیسٹ کے لیے سابق وزیراعظم کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ بعدازاں پی آئی سی میں نواز شریف کا طبی معائنہ کیا گیا، جہاں ان کے خون کے نمونے لینے کے ساتھ ساتھ دل کے 3 ٹیسٹ (ای سی جی، ایکو اور تھیلیم ٹیسٹ) کیے گئے۔

ایکو کی رپورٹ میں نواز شریف کے دل کا سائز معمول سے بڑا پایا گیا جب کہ دل کے پٹھوں کے موٹے ہونے کی بھی نشاندہی کی گئی تھی۔جس پر سینئر ڈاکٹرز کی جانب سے سابق وزیراعظم کو اسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ تین مرتبہ منتخب ہونے والے عوامی وزیراعظم نواز شریف سے کیا جانے والا برتاؤ وفاقی اور پنجاب حکومت کی اخلاقی پستی کی عکاسی ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس چھپانا اور لواحقین کے حوالے نہ کرنا لمحہ فکریہ اور سوالیہ نشان ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.