Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے۔پولیس کے مطابق  علی رضا عابدی کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان غازی میں پیش آیا۔ایس ایس پی جنوبی کے مطابق علی رضا عابدی جیسے ہی اپنے گھر کے قریب پہنچے تو ان پر فائرنگ کی گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق علی رضا عابدی پر فائرنگ ایک موٹرسائیکل پر موجود دو ملزمان نے کی۔فائرنگ کی زد میں آ کر علی رضا عابدی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

علی رضا عابدی کے والد اخلاق عابدی کے مطابق ان کے بیٹے کو پیٹ میں ایک گولی لگی جب کہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علی رضا عابدی کو دو گولیاں سینے اور ایک گولی گردن میں لگی۔

ایس ایس پی ساؤتھ انویسٹی گیشن طارق دھاریجو کا علی رضا عابدی کی رہائشگاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ واقعہ حالیہ ٹارگٹ کلنگ کی کڑی ہے۔طارق دھاریجو کا کہنا تھا کہ جائے وقوع سے مختلف اقسام کی گولیوں کے خول ملے ہیں جس کی فارنزک لیبارٹری سے جانچ کرائی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے سابق رکن قومی اسمبلی علی علی رضا عابدی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے علی رضا عابدی کے پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے علی رضا عابدی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس کو شہر میں امن و امان بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے علی رضا عابدی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک خوش گفتار اور اپنا نکتہ نظر دلیل اور تہذیب سے پیش کرنے والے فرد تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.