Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

قومی اسمبلی:نوازشریف کےگارڈ نےنجی ٹی وی کےکیمرہ مین کو تشدد کا نشانہ بنایا

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف کے گارڈ نے نجی ٹی وی کے کیمرہ مین کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ بے ہوش گیا۔تفصیلات کے مطابق سماء ٹی وی سے وابستہ کیمرہ مین واجد علی نواز شریف کی پارلیمنٹ سے روانگی کی فوٹیج بنا رہا تھا جب سابق وزیراعظم کے گارڈ نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔نجی ٹی وی کے کیمرہ مین کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

صحافیوں نے پارلیمینٹ کے گیٹ نمبرایک پراحتجاجی دھرنادےکربلاک کردیا اورتشدد کرنےوالےایک گارڈ کو پکڑکرپارلیمنٹ کی سیکیورٹی کے حوالے بھی کر دیا۔

دوسری جانب مسلم لیگ(ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب پولی کلینک اسپتال پہنچ گئیں جہاں انہوں نےکیمرہ مین واجد علی کوانصاف دلوانےکی یقین دہانی کروائی۔

مریم اورنگزیب کاکہنا تھاکہ میں اس وقت پولی کلینک میں کیمرہ مین واجد علی کےساتھ موجود ہوں،میاں صاحب نےکسی کو تشدد کرنےکا آرڈر نہیں دیا۔

ٹی وی کیمرہ مین پرتشدد کےمعاملےپرتھانہ سیکریٹریٹ اسلام آباد میں درخواست جمع کرادی گئی جس میں مؤقف اپنایاگیاکہ نوازشریف کے سیکیورٹی گارڈ نے کیمرہ مین کو تشدد کا نشانہ بنایا۔درخواست میں کہا گیا کہ تشدد سےکیمرہ مین کو ناک پرشدید چوٹیں آئیں،گارڈ کےخلاف قانونی کاروائی کی جائے۔

در ایں اثناء اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نواز شریف کے گارڈز کے کیمرہ مین پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے سیکیورٹی گارڈز کیخلاف ایف آئی آر درج کرانے کا حکم دے دیا۔

اسپیکرقومی اسمبلی نےرولنگ دیتےہوئےکہاکہ ارکان کی حفاظت پارلیمنٹ کی سیکیورٹی کرےگی اورآئندہ کوئی شخصیت اپنےساتھ سیکیورٹی گارڈ پارلیمنٹ کےاحاطےمیں نہیں لاسکےگی۔اسپیکر نے کہا کہ کوئی جتنا بھی بڑا لیڈر ہے سیکیورٹی پارلیمنٹ سے باہرچھوڑ کرآئے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے کیمرہ مین پر تشدد کے واقعے کی مذمت کی اور تشدد کرنے والے گارڈز کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ امید کرتا ہوں کہ ن لیگ کی قیادت اس واقعے کی مذمت کرے گی۔

جبکہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نےسینیئر کیمرہ مین واجد علی پر تشدد کےواقعہ کا نوٹس لیتےہوئےکہاہےکہ میں کیمرہ مین پر تشدد کی مذمت کرتا ہوں،واقعےکا سن کر دلی دکھ اور رنج ہوا۔

نوازشریف نےکہاکہ جیسےہی واقعےکا علم ہوا میں نےمریم اورنگزیب اورپارٹی کےدیگررہنماؤں کوزخمی کیمرہ مین کواسپتال لےجانےاور ان کے علاج معالجے کے انتظامات کی ہدایت کی۔

انہوں نےکہاکہ میں ذاتی طورپربھی اورپاکستان مسلم لیگ ن بحیثیت جماعت صحافیوں،کیمرہ مین اورفوٹو گرافربرادری کابےحد احترام کرتے ہیں۔

نوازشریف نےکہاکہ اپنے اسٹاف میں ایسے کسی شخص کو برداشت نہیں کروں گا جو اس طرح کے رویے کا مرتکب ہو، یقینی بنائیں گے کہ اس قسم کا کوئی افسوسناک اور قابل مذمت واقعہ مستقبل میں رونما نہ ہو۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.