Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

منی لاؤنڈرنگ کیس:ایف آئی اے نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی گرفتاری مانگ لی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں عدالت سے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے دونوں کی گرفتاری طلب کرلی۔
اسپیشل سینٹرل کورٹ لاہور میں شوگر ملز کے ذریعے 25ارب کی منی لاؤنڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ جہاں وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب عدالت میں پیش ہو گئے۔
سپیشل کورٹ نے تمام ملزمان کی حاضری مکمل کی ۔ اسپیشل پراسیکیوٹر فاروق باجوہ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ضمنی چالان جمع کرایا۔
شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز نے عدالت میں دلائل دیئے ۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کے ذاتی اکاؤنٹس میں کوئی رقم نہیں آئی۔ ایف آئی اے نے ڈیڑھ برس تحقیقات کیں۔ مگر کوئی شواہد پیش نہیں کیے گئے۔ حمزہ شہباز پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ کیونکہ تمام ٹرانزیکشنز قانونی اور لین دین کاروباری ہے۔
وکیل امجد پرویز نے کہا کہ منی لاؤنڈرنگ کا مقدمہ گزشتہ دور حکومت میں بدنیتی پر بنایا گیا ہے۔ دونوں باپ بیٹا جب جیل میں تھے اور انہیں شامل تفتیش بھی کیا گیا۔ اس سب کے باوجود دونوں کو گرفتار کرنے کے بجائے ایف آئی اے مہینوں خاموش رہا۔ اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب کے مشیر عطا تارڑ بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ایف آئی اے کیا کہتا ہے کہ ان کو ملزمان کی گرفتاری درکار ہے۔ جس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ ابھی ملزمان کا مزید کردار ثابت ہونا ہے۔ اس لیے ملزمان کی گرفتاری درکار ہے۔ فاروق باجوہ نے مزید کہا کہ سی ایف او عثمان سمیت دو ملزمان شامل تفتیش نہیں ہوئے۔
بعد ازاں عدالت سے اجازت لینے کے بعد شہباز شریف اور حمزہ شہباز عدالت سے روانہ ہوگئے۔
واضح رہے کہ عدالت نے آج شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو فرد جرم عائد کیے جانے کیلئے طلب کیا تھا ۔ اس سلسلے میں گزشتہ سماعت پر ایف آئی اے کو ضمنی چالان جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔
شہبازشریف اور حمزہ شہباز پر العربیہ شوگر ملز اور رمضان شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کرنے کا الزام عائد ہے۔ پراسیکیوٹر ایف آئی اے کے مطابق حمزہ شہباز رمضان شوگر ملز کے سی ای او تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.