Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان عوامی جمہوریہ چین کے سرکاری دورے پر چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے۔وزیراعظم کے بیجنگ پہنچنے پر چین کے وزیر ٹرانسپورٹ ’لی زیاؤپنگ‘، پاکستان کے لیے چینی سفیر ’یاؤ جنگ‘ اور چین میں پاکستانی سفیر مسعود خالد نے ان کا استقبال کیا۔

وزیر اعظم کے ہمراہ جانے والے وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیرمنصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، مشیر برائے تجارتی امور عبدالرزاق داؤد اور وزیرا علیٰ بلوچستان جام کمال خان بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ عوامی جمہوریہ چین کی حکومت کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان کا اگست 2018 میں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد چین کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔وزیر اعظم عمران خان دورے میں چین کے صدر ’شی جن پنگ‘ اور چینی ہم منصب ’لی کی چیانگ‘ سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر اعظم کی ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات اور اہم باہمی امور پرتبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔

اس کے علاوہ وزیر اعظم شنگھائی میں چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے دوران کلیدی خطاب کریں گے۔

پہلی بار منعقد ہونے والے چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں مختلف پاکستانی مصنوعات بھی پیش کی جائیں گی۔اس عالمی سطح کی نمائش میں وزیراعظم عمران خان مختلف عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے اس کے ساتھ ان کی چین کی بڑی کمپنیوں کے سربراہوں سےبھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.