Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

وزیرِاعظم عمران خان 5 روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہو گئے

اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان 5 روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہو گئے، چین میں وزیرِ اعظم کا استقبال نائب چینی وزیرِ خارجہ اور پاکستانی سفیر کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان چین کے دورے پر روانہ ہو گئے ہیں، وفاقی وزرا شاہ محمود، اسد عمر، خسرو بختیار، شیخ رشید، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔

اپنے دورے کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان 2 نومبر کو چینی صدر سے ملاقات کریں گے، عمران خان اے آئی آئی بی کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔عمران خان سرکاری استقبالیہ تقریب میں شرکت کریں گے اور چین سے معاہدے اور یادداشتوں پر دستخط کریں گے۔

3 نومبر کو عمران خان بیجنگ میں پیپلز ہیرو مونومنٹ کا دورہ کریں گے جبکہ اسی دن چیئرمین این پی سے بھی ملاقات کریں گے۔پروگرام کے مطابق 4 نومبر کو وزیرِ اعظم چین میں ایک اسکول میں خطاب کریں گے اور بیجنگ سے شنگھائی روانہ ہو جائیں گے، جہاں وہ مختلف تقاریب سے خطاب کریں گے۔
5 نومبرکو وزیرِاعظم پاک چین انٹرنیشنل ایکسپو میں شرکت کریں گےاورمیٹرو پولیٹن شنگھائی کی مقامی قیادت سے ملاقات کریںگے، ایک بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے جب کہ چائنا رین بو انٹرنیشنل کمپنی سے بھی ملاقات شیڈول ہے۔
دریں اثنا ملکی صورتِ حال کے پیشِ نظر وزیرِ اعظم نے گورنر سندھ اور 3 وزرا کو دورۂ چین سے روک دیا ہے، گورنر سندھ عمران اسماعیل، فواد چوہدری، فیصل واوڈا اور علیم خان چین کے دورے پر نہ جاسکے۔
وزیرِ اعظم نے وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کو امن و امان کمیٹی میں کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔ ذرائع نے کہا ہے کہ وزیرِ اطلاعات کا دورۂ سعودی عرب بھی منسوخ ہونے کا امکان ہے، فواد چوہدری کا 3 نومبر کو سعودی عرب کا دورہ طے ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.