Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پاکستان نےسنسنی خیزمقابلےکےبعد افغانستان کو 3وکٹوں سےشکست دیدی

لیڈز: ورلڈکپ کے 36 ویں میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی۔

افغانستان کا 228 رنز کا ہدف پاکستان نے آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔لیڈز کے ہیڈنگلے گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

افغان اوپنرز نے جارحانہ انداز میں کھیل کا آغاز کیا تاہم شاہین آفریدی نے پانچویں اوور کے دوران اپنے پہلے ہی اوور میں 27 کے مجموعے پر کپتان گلبدین نائب کو پویلین بھیج دیا اور اگلی ہی گیند آنے والے حشمت اللہ بھی بغیر کوئی رن بنائے عماد وسیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

57کےمجموعےپر اوپنررحمت شاہ عمادوسیم کی گیند پربابراعظم کےہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے،انہوں نے43گیندوں پر35رنز بنائے۔

شاداب خان نے 121 کے مجموعے پر جارحانہ بلے بازی کرنے والے اصغر افغان کو بولڈ کردیا، انہوں نے 35 گیندوں پر 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے۔

اکرام علی خیل بھی 24 رنز بناکر پویلین لوٹے، اس کے بعد محمد نبی، نجیب اللہ زادران اور سمیع اللہ شنواری نے ٹیم کے لیے بڑی پارٹنرشپ بنانے کی کوشش کی تاہم پاکستان کی شاندار بولنگ کے بدولت بڑی پارٹنرشپ نہ بن سکی۔

افغان ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بناسکی۔ افغانستان کے نجیب اللہ زادران اور اصغر افغان 42، 42 اور رحمت شاہ 35 رنز بناکر نمایاں رہے۔

گرین شرٹس کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4، عماد وسیم اور وہاب ریاض نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر افغان کپتان گلبدین نائب کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی آج کے میچ میں بڑا اسکور کریں۔

اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے، پوری کوشش کریں گے آج بھی اچھی پرفارمنس دیں۔

افغانستان کے خلاف پاکستان کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، کپتان سرفراز احمد سمیت فخرزمان، امام الحق، بابر اعظم، حارث سہیل، محمد حفیظ، عماد وسیم، شاداب خان، وہاب ریاض، محمد عامر اور شاہین آفریدی بھی ٹیم میں شامل ہیں۔

دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اب تک 7 میچز کھیل چکی ہیں، قومی کرکٹ ٹیم نے اب تک 7 میچوں میں سے تین میں کامیابی اور تین میں ناکامی کا سامنا کیا ہے جب کہ ایک میچ بارش سے متاثر ہوگیا۔

افغانستان ایونٹ کے 7 میچز میں سے ایک میں بھی کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔

پوائنٹس ٹیبل کے اعتبار سے پاکستانی ٹیم چھٹے نمبر پر ہے جب کہ افغانستان آخری یعنی دسویں نمبر پر موجود ہے۔

شاہین آج کا میچ بھی جیتنے کے لیے پر عزم ہیں جس کے لیے تمام کھلاڑیوں نے گزشتہ روز بھرپور پریکٹس بھی کی ہے۔

 پاکستان کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے آج کا میچ بھی جیتنا ضروری ہوگا۔

دوسری جانب لندن کے لارڈز گراؤنڈ میں آج نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں بھی مدمقابل ہوں گی۔

نیوزی لینڈ کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے آج کا میچ جیتنا لازمی ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.