Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پشاور کیلئےتمام نقائص سے پاک سٹیٹ آف دی آرٹ سیف سٹی پراجیکٹ کی ضرورت ہے،محمودخان

حکومت سیف سٹی پراجیکٹ پشاور کے قیام کو عملی جامہ پہنانے کیلئے تمام ممکن وسائل بروئے کار لائیگی،منصوبے سے پشاور میں امن و امان کی صورتحال میں مزید بہتری لائی جا سکے گی،اور ٹریفک کےمسائل کےحل کیلئےبھی ایک سنگ میل ثابت ہوگا،وزیراعلی خیبرپختونخوا

پشاور۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نےپشاورکیلئے تمام نقائص اورکمزوریوں سے پاک سٹیٹ آف دی آرٹ سیف سٹی پراجیکٹ کی ضرورت پر زور دیاہے اور اس سلسلے میں لاہور اور اسلام آباد ماڈلز کا جائزہ لیکر حتمی تجویز پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ان خیالات کااظہاروزیراعلیٰ نےسیف سٹی پراجیکٹ پشاورکےحوالےسےوزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی ترجمان و مشیر برائےنئےضم شدہ اضلاع اجمل خان وزیر،چیف سیکرٹری نوید کامران بلوچ،سیکرٹری پی اینڈ ڈی،سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ ، سیکرٹری آئی ٹی ، ایم ڈی آئی ٹی بورڈ ، پراجیکٹ ڈائریکٹرسیف سٹی پشاور اور دیگر متعلقہ حکام نےاجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کو سیف سٹی پراجیکٹ پشاور کے قیام،اسکی لاگت،مختلف کمیٹیوں،زمین کی نشاندہی،پی سی ون کی نظرثانی،موجودہ صورتحال اور مستقبل کےحوالےسے سیف سٹی پراجیکٹ کے مکمل پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے سیف سٹی منصوبہ پشاور کی تکمیل کیلئے تمام پہلؤوں پر ہوم ورک تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سیف سٹی پراجیکٹ پشاور کو سمارٹ سٹی پراجیکٹ پشاور میں تبدیل کرنے کی تجویز سےاصولی اتفاق کیا ہے۔

چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ سیف سٹی پراجیکٹ پشاور کے حوالے سے تمام پہلوئوں اور تجاویز کا مکمل جائزہ لیا جائے اورحتمی تجویز پیش کی جائے۔انہوں نے کے پی آئی ٹی بورڈ کو سیف سٹی پراجیکٹ پشاورمیں شامل کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پورے صوبے میں اپنی نوعیت کا ایک الگ اور بہترین منصوبہ ثابت ہوگا۔انہوں نے ہدایت کی کہ اس کی تکمیل میں کوئی کوتاہی اور ناکامی کا عنصر برداشت نہیں کیا جائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سیف سٹی پراجیکٹ پشاور کے قیام کو عملی جامہ پہنانے کیلئے تمام ممکن وسائل بروئے کار لائیگی تاکہ پشاور کے لوگوں کیلئے حقیقی معنوں میں تبدیلی لائی جاسکے۔

اُنہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے پشاور میں امن و امان کی صورتحال میں مزید بہتری لائی جا سکے گی، اور ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے بھی ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.