Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پی ٹی آئی نے وزیراعظم کے انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا

نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے ووٹنگ آج ہو گی جس کے لیے قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ آج ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس  کا دو نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ تلاوت، نعت اور قومی ترانے کے بعد قائد ایوان کا انتخاب کیا جائے گا، اجلاس شروع ہوتے ہی اسپیکر چیئر سے قائد ایوان کے انتخاب کا شیڈول سنایا جائے گا۔

یاد رہے کہ نئے قائد ایوان کے لیے شہباز شریف  متحدہ اپوزیشن کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں جب کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے شاہ محمود قریشی کو نامزد کیا تھا تاہم اب پی ٹی آئی نے وزیر اعظم کے انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نےتصدیق کی ہےکہ تحریک انصاف نے وزیراعظم کے انتخاب کے عمل کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے اور پی ٹی آئی قائد ایوان کے انتخابی عمل میں حصہ نہیں لےگی۔

پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی سے استعفے دینےکا بھی فیصلہ کیا ہے اور ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے تمام اراکین سے استعفوں پر دستخط کرالیے ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ قائد ایوان منتخب ہونے کے لیے 172 ارکان کی حمایت ضروری ہے، قومی اسمبلی کی آج کی کارروائی آرٹیکل 91، رول نمبر 32 کے تحت چلائی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اسپیکر دونوں امیدواروں کے ناموں کا اعلان کریں گے، ایوان میں 5 منٹ گھنٹیاں بجانے کے بعد ہال اور لابی کے دروازے بند کر دیے جائیں گے اور ارکان کو اے اور بی لابی میں جانے کے لیے کہا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.