Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

چند گھنٹوں میں موٹر وے زیادتی کیس منطقی انجام تک پہنچ جائے گا۔ وزیر اطلاعات پنجاب

متاثرہ خاتون کے اہلخانہ کی فی الوقت بیان ریکارڈ کرانے سے معذرت

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے موٹر وے زیادتی کیس کے حوالے سے ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے  نے دعویٰ کیا ہے کہ چند گھنٹوں میں چند گھنٹوں میں موٹر وے زیادتی کیس منطقی انجام تک پہنچا دیں گے۔

موٹر وے زیادتی کیس کی پیش رفت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میڈیا وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ، وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر اطلاعات اور وزیر قانون سے معلومات حاصل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کے ذریعے عوام کو تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کریں گے۔

دوسری جانب پنجاب پولیس کے سربراہ انعام غنی نے کیس میں ملزم کی گرفتاری سے متعلق مختلف ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کو غلط قرار دیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ملزمان اور خاتون کی شیئر کی جانے والی تصاویربھی جعلی ہیں، کیس میں اب تک کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا ہے۔ انعام غنی کا کہنا تھا کہ کیس کی تفتیش کو خود مانیٹر کر رہا ہوں،کسی کامیابی پر میڈیا کو خود آگاہ کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسی غیر تصدیق شدہ خبریں کیس پر اثرانداز ہوتی ہیں اور عوام کے لیے بھی گمراہ کن ہیں، میری میڈیا کے نمائندوں سے گزارش ہے کہ وہ تصدیق کے بغیر کوئی خبر نہ چلائیں جب کہ عوام سے بھی گزارش ہے کہ ہم پر اعتماد رکھیں۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے متاثرہ خاتون سے بیان ریکارڈ کرانے کے لیے رابطہ کیا تاہم خاتون کے اہلخانہ نے فی الوقت بیان ریکارڈ کرانے سے معذرت کرلی۔ ذرائع نے بتایا کہ خاتون کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ خاتون کی حالت ایسی نہیں کہ وہ بیان ریکارڈ کراسکیں۔

فوکل پرسن ایس ایس پی ذیشان اصغر کا کہنا ہےکہ خاتون کی حالت کو سمجھ سکتے ہیں، متاثرہ خاتون کا بیان اس وقت قلمبند کریں گے جب ان کے لیے ممکن ہو گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.