Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کوئٹہ: نیورو سرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل اغوا

کوئٹہ: سول اسپتال کوئٹہ کے نیورو سرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل کو شہباز ٹاؤن کے علاقے سے مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیاہے۔ پولیس کے مطابق سول اسپتال کے نیورو سرجن ڈاکٹر شیخ ابراہیم خلیل جمعرات کو نجی اسپتال سے واپس اپنے گھر شہباز ٹاؤن جا رہے تھے، جس کے بعد وہ لاپتہ ہوگئے اور فون پر بھی ان سے رابطہ نہیں ہو رہا۔ ڈاکٹر شیخ ابراہیم خلیل کی گاڑی ان کے گھر کے قریب سے مل گئی، جس کے شیشے ٹوٹے ہوئے تھے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) کوئٹہ نے بتایا کہ ڈاکٹر ابراہیم کو اغوا کیے جانے کا خدشہ ضرور ہے تاہم حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا، تاہم پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کی ناکہ بندی کر دی ہے۔

دوسری جانب پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور بولان میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن نے ڈاکٹر ابراہیم خلیل کے اغوا کی بھرپور مذمت کی ہے۔ پی ایم اے نے آج سول ہسپتال میں ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے جبکہ بولان میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن نے آج سے صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.