Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

افغانستان:شاہراہ کے کنارے نصب بم پھٹنےسے 34 افراد ہلاک,17 افراد زخمی

افغانستان کے صوبہ فراہ میں ہرات اور قندهارکو ملانے والی مرکزی شاہراہ کے کنارے نصب بم پھٹنے سے34 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ 17 افراد زخمی ہیں۔

حکام کے مطابق دھماکہ بدھ کو افغانستان کے دو بڑے شہروں کو ملانے والی مرکزی شاہراہ پر نصب بم پھٹنے سے ہوا جس کی زد میں ایک مسافر بس آگئی۔

بس میں سوار 34 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے مطابق دھماکے کی ذمہ داری ابھی تک کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

افغانستان کے صوبہ فراہ کی پولیس کے ترجمان محب اللہ محب کے مطابق دھماکے میں 17 افراد زخمی ہوئے ہیں جنکی حالت نازک ہے۔حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

پولیس کے ترجمان نے بتایاکہ شدت پسندوں کا مقصد سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانا تھا جس کے لیے انہوں نے مرکزی شاہراہ پر بم نصب کیا۔

واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ نےرواں ہفتے افغانستان میں شہریوں کی بڑھتی ہوئی ہلاکتوں سےمتعلق ایک رپورٹ جاری کی تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ افغانستان میں رواں سال کے ابتدائی چھ ماہ میں تقریبا چار ہزار افغان شہری شدت پسندوں کے حملوں اور سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں ہلاک ہوئے۔

اقوامِ متحدہ کا کہنا تھا کہ رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں افغان فورسز اور اس کے اتحادیوں نے 717 عام شہریوں کو نشانہ بنایا جب کہ 531 شہری طالبان کے حملوں کا نشانہ بنے۔ جن میں سے 300 شہریوں کو براہِ راست قتل کیا گیا۔

یاد رہے کہ افغانستان میں رواں سال ستمبر میں صدارتی انتخابات بھی ہونے ہیں اور انتخابات سے قبل شدت پسندوں کے حملوں میں تیزی آئی ہے۔

علاوہ ازیں افغانستان میں امن قائم کرنے کے لیے امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات بھی اہم مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔

توقع یہ کی جارہی ہےکہ طالبان اورامریکہ ممکنہ طور پر ستمبر تک کسی معاہدے تک پہنچنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.