Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

امریکا اور افغان طالبان کے درمیان پر تشدد کارروائیوں میں کمی کے وعدے پر عمل درآمد شروع

امریکا اور افغان طالبان کے درمیان پر تشدد کارروائیوں میں کمی کے وعدے پر عمل درآمد شروع ہو گیا۔امریکا اور طالبان کے درمیان ایک سال سے جاری مذاکرات کے نتیجہ خیر ہونے کا وقت آگیا ہے اور فریقین کے درمیان اعتماد سازی کی بحالی کے لیے 7 روز کے لیے پرتشدد کارروائیاں روکنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

فریقین کے درمیان افغانستان کے مقامی وقت کے مطابق جمعے اور ہفتے کی شب سے پرتشدد کارروائیوں میں کمی کے سمجھوتے پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے۔ جنگ بندی پر عمل درآمد کامیاب رہا تو امریکا اور افغان طالبان امن کے ابتدائی معاہدے پر دستخط کریں گے جس سے تقریباً دو دہائیوں سے جاری جنگ خاتمے کے قریب پہنچ جائے گی۔

عارضی جنگ بندی کے معاہدے کے تحت ایک ہفتے تک افغان طالبان،  اتحادی فورسز اور افغان فورسز کے خلاف کسی بھی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ اس حوالے سے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے بھی عارضی جنگ بندی کے عمل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دہائیوں کی جنگ کے بعد طالبان کے ساتھ افغانستان میں پرتشدد کارروائیوں کی کمی کے سمجھوتے پر اتفاق ہوچکا ہے جو کہ امن عمل کے لیے انتہائی اہم قدم ہے۔

مائیک پومپیو نے کہا کہ اس عارضی جنگ بندی کی کامیابی امریکا اور افغان طالبان کے درمیان امن معاہدے کی جانب پیش قدمی تیز کردے گی اور اہم اس امن معاہدے پر 29 فروری کو دستخط کی تیاری کررہے ہیں۔دوسری جانب افغان طالبان نے بھی تصدیق کی ہے کہ ان کا امریکا کے ساتھ  29 فروری کو ممکنہ طور پر امن معاہدہ ہونے جارہا ہے اور معاہدے کی تقریب میں کئی ممالک اور عالمی تنظیموں کے نمائندے بطور گواہ شریک ہوں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.