Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

بالائی چترال کا شدید بارشوں کے بعد ملک سے زمینی رابطہ منقطع

چترال کے دونوں اضلاع میں کم از کم چھ مقامات پر شدید سیلابی ریلوں کے باعث اپر چترال کا زمینی راستہ منقطع ہوچکا ہے اور کئی سیاح پھنس گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر اپر چترال شاہ سعود کے مطابق علاقے میں امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں۔ رات کے وقت اور شدید بارش کے باعث امدادی سرگرمیوں سمیت اطلاعات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ابتدائی اندازوں کے مطابق بدھ کی رات آٹھ بجے سے چترال کے پہاڑوں اور مختلف مقامات پر شدید بارش ہوئی تھی جس کے نتیجے میں اپر چترال میں کوئی تین مقامات پر سیلابی ریلوں کی اطلاعات موجود ہیں۔

 

ڈپٹی کشمنر اپر چترال کے مطابق پانی ریشن گول کے مقام پر قائم رابطے کا واحد ذریعہ آر سی سی پل بھی اپنے ساتھ بہا کر لے گیا ہے جس وجہ سے اس وقت اپر چترال کا ملک بھر اور لوئر چترال سے رابطہ ٹوٹ گیا ہے۔ چترال کے دونوں اضلاع کی انتظامیہ کے مطابق ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے تاہم کئی مقامات پر انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے۔

اب تک دستیاب معلومات کے مطابق لوئر چترال میں سیلابی ریلے کا سبب گولن گول، مروئے گول اور برنس گول کے تین بڑے نالے اور کچھ چھوٹے نالے تھے جہاں پر رات آٹھ بجے شروع ہونے والے موسلا دھار بارش کے بعد پانی نے سیلابی ریلوں کی شکل اختیار کرلی تھی۔

گولن گول یونین کونسل کے سابق ناظم مطیع الرحمٰن کے مطابق ان تینوں نالوں کے عقب میں بڑی آبادیاں اور وادیوں کے علاوہ گلیشیئر ہیں جن کی وجہ سے کچھ مکانوں کو نقصان پہنچنے کے علاوہ گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ایک بار پھر متاثر ہوا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.