Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

بلوچستان میں کورونا سے پہلی ہلاکت، ملک بھر میں کیسز 799 ہوگئے

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے احکامات کے بعد گزشتہ رات 12 بجے سے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن

ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 799 ہوگئی جب کہ مہلک وائرس سے بچاؤ کے لیے سندھ بھر میں 22 مارچ کی رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن کردیا گیا۔ اتوار کو  ملک میں کورونا وائرس کے 166 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے پنجاب میں86، سندھ میں 60، گلگت بلتستان میں 16 اور بلوچستان میں 4 نئے کیس سامنے آئے جب کہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

بلوچستان

اتوار کے روز صوبے میں کورونا وائرس کے 4 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد بلوچستان میں کورونا وائرس کے کیسزکی تعداد108 ہوگئی ہے۔جب کہ پیر کی شب بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے صوبے میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کی۔لیاقت شاہوانی کے مطابق فاطمہ جناح اسپتال کوئٹہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ 66 سالہ مریض انتقال کرگیا جو صوبے میں وائرس سے پہلی ہلاکت ہے۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد  225 ہوگئی جس کی تصدیق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزادار نے ٹوئٹر کےذریعے کی۔عثمان بزدار کےمطابق ڈی جی خان 175، لاہور 34، گجرات 4، گوجرانوالہ 4، جہلم 3، راولپنڈی 2، ملتان 2 اور سرگودھا میں کورونا وائرس کا ایک مریض ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 60 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کل کیسز کی تعداد 352 تک پہنچ چکی ہے۔ترجمان سندھ حکومت کے مطابق کراچی میں مزید 24 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد شہر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 129 ہوگئی ہے جب کہ ایک مریض کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔ترجمان نے بتایا کہ دادو میں بھی گزشتہ ہفتے ایران سے وطن واپس آنے والے شہری میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ترجمان کے مطابق تفتان سے آنے والے زائرین کے لیے سکھر میں بنائے گئے قرنطینہ مرکز میں کورونا وائرس کے مزید 34 کیسز آئے ہیں جس کے بعد سکھر میں کل متاثرہ افراد کی تعداد 221 تک جاپہنچی ہے۔ترجمان کے مطابق سندھ میں 4 مریض صحت یاب ہوئے ہیں، جن میں سے 3 کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جب کہ ایک مریض کا انتقال ہوچکا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے احکامات کے بعد گزشتہ رات 12 بجے سے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کے نفاذ پر عملدرآمد ہوگیا۔ویڈیو بیان میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں، علمائے کرام اور دیگر حکام سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صوبے بھر میں رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن ہوگا اور شاپنگ مالز، تعلیمی ادارے اور دیگر مارکیٹس پہلی ہی بند ہیں تاہم اب دیگر دفاتر بھی بند ہوں گے۔

خیبرپختونخوا

گزشتہ روز خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے باعث تیسری ہلاکت ہوئی جس کی تصدیق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات اجمل خان وزیر نے بھی کی۔مشیر اطلاعات نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اب تک خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے میں مہلک وائرس کے 170 مشتبہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں تاہم تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 31 ہوگئی ہے۔مشیر اطلاعات کہا کہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جس کی نگرانی وزیراعلیٰ محمود خان خود کر رہے ہیں۔

گلگت

گزشتہ روز گلگت بلتستان کورونا وائرس کے مزید 16 کیسز سامنے آئے جس کے بعد کل کیسز کی تعداد 71 ہوگئی ہے۔وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے مشیر اطلاعات شمس میر کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں کورونا کےمریضوں کی تعداد 55 سے بڑھ کر 71 ہوگئی ہے۔گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے ایک مریض (اسامہ ریاض)کا انتقال ہوا ہے جو کہ خود ڈاکٹر تھا اور مسافروں میں کورونا کی اسکریننگ کے دوران وائرس سے متاثر ہوا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہے جب کہ یہاں ایک مریض صحت یاب بھی ہوچکا ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا اب تک ایک ہی کیس رپورٹ ہوا ہےجب کہ ریاست میں حکومت نے شہریوں سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.