Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

ملک میں کوروناکے مجموعی کیسز 7018 تک جا پہنچے

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے 58 فیصد کیسز مقامی طور پر ایک دوسرے میں منتقل ہوئے

پاکستان میں کورونا وائرس سے آج مزید 16 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 134 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 7018 تک پہنچ گئی۔ ملک میں ہونے والی 134 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ سندھ میں 45 اور خیبرپختونخوا میں 45 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب میں 35 ، بلوچستان میں 5 ، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

آج کے کیسز کی صورتحال

آج بروز جمعرات ملک میں کورونا کے مزید 719 کیسز رپورٹ ہوئے اور 16 ہلاکتیں بھی ہوئیں۔ آج سندھ میں 340 کیسز 4 ہلاکتیں، پنجاب 260 کیسز اور 7 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا میں 81 کیسز 3 ہلاکتیں، بلوچستان 25 کیسز اور 2 اموات ، گلگت بلتستان 8 جبکہ اسلام آباد سے مزید 5 کیسز رپورٹ ہوئے۔

سندھ میں آج کورونا وائرس کے مزید 340 کیسز سامنے آئے اور 4 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کی۔مرتضیٰ وہاب کے مطابق صوبے میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2008 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 45 ہوگئی ہیں۔

پنجاب میں آج کورونا وائرس کے مزید 260 کیسز سامنے آئے اور 7 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے کیا گیا۔صوبے میں نئے کیسز اور ہلاکتوں کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3276 اور ہلاکتیں 35 ہوگئی ہیں۔

بلوچستان میں آج بروز جمعرات کورونا کے مزید 25 کیسز  اور 2 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 305 ہوگئی ہے جب کہ 5 افراد وائرس سے جاں بحق ہوئے ہیں۔صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی نے بلوچستان میں مزید کیسز کی تصدیق کی۔

وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا کے مزید 5 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔اسلام آباد میں نئے کیسز کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 145 ہوگئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں جمعرات کو 81 نئے کیسز اور 3 اموات سامنے آئیں جس کے بعد کل ہلاکتوں کی تعداد 45 ہوگئی جب کیسز کی مجموعی تعداد 993 ہوگئی۔صوبے میں مہلک وائرس سے جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 205 ہوچکی ہے۔

آزاد کشمیر سے جمعرات کو کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا البتہ بدھ کو کورونا کے مزید 3 کیسز سامنے آئے تھے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے۔پورٹل کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 46 ہوگئی ہے تاہم اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔

گلگت بلتستان میں جمعرات کو کورونا کے مزید 8 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 245 ہو گئی۔گلگت بلتستان میں اب تک 183 افراد صحتیاب ہوگئے ہیں جبکہ زیر علاج مریضوں کی تعداد صرف 59 رہ گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے 58 فیصد کیسز مقامی طور پر ایک دوسرے میں منتقل ہوئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.