Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

موٹروے زیادتی کیس: مرکزی ملزم پھر پولیس کے ہاتھ سے نکل گیا

لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر گجر پورہ کے قریب خاتون کے ساتھ پیش آنے والے زیادتی کے سانحے کے 10 روز گزرنے کے بعد بھی مرکزی ملزم عابد پولیس کے ہاتھ نہ آسکا۔ پولیس نے شک ظاہر کیا ہے کہ ملزم پولیس سے بچنے کے لیے روپ بدل سکتا ہے لہذا پولیس نےملزم عابد کی تین تصاویر جاری کی ہیں۔

ایک تصویر میں ملزم عابد کے سر اور مونچھوں کے بال منڈھے ہوئے ہیں، دوسری میں سر کے بال مونڈھے ہوئے اور فرینچ داڑھی جب کہ تیسری تصویر میں سر مونڈھا ہوا اور مونچھیں ہیں۔ دوسری طرف ملزم عابد کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا دائرہ دیگر صوبوں تک بڑھا دیا گیا ہے۔

پنجاب پولیس دوسرے صوبوں کی پولیس سے رابطے میں ہے اور ان صوبوں سے ملزم کی تفصیلات بھی شیئر کی جا رہی ہیں۔ پنجاب کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندی کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ ملزم عابد کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیموں کے مختلف شہروں میں رابطے ہیں۔

ادھر گزشتہ رات ننکانہ پولیس کے ترجمان کے مطابق ملزم عابد کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے ننکانہ میں اس کی سالی کے گھر چھاپہ مارا لیکن وہ گرفتار نہ ہو سکا۔

واضح رہے کہ 9ستمبر کی رات تقریباً ڈیڑھ بجے گجر پورہ کے قریب موٹر وے پر خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے تشدد اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.