Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

مہنگائی اور گندم کے بحران کی ذمہ دارصوبائی حکومتیں ہیں، فواد چوہدری

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نےکہا ہے کہ  مہنگائی اور گندم کے بحران کی ذمہ دارصوبائی حکومتیں ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ  آٹا، گندم بحران میں وفاق حکومت ذمہ دار نہیں اور نہ ہی اس کی ذمہ داری جہانگیر ترین اور خسرو بختیار پر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کی فراہمی کا معاملہ دیکھنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، چیف سیکرٹریز سے نہ مہنگائی کنٹرول ہورہی ہے نہ گندم کا مسئلہ حل ہورہا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چیف سیکرٹریز کی نالائقیاں وفاقی حکومت پر ڈال دی جاتی ہیں،  اگر وہ وزیراعظم کی جگہ ہوتے تو پنجاب اور سندھ کے چیف سیکرٹری کو فارغ کر دیتے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ملک بھر میں گندم کے بحران کے باعث آٹے کی قیمت 70 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی آٹے کے بحران اور قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم نے بحران کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی اور وزراء کو بحران کی وجوہات جاننے کا ٹاسک سونپا تھا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو ملک میں جاری آٹا بحران سے متعلق رپورٹ بھجوادی گئی جس کے مطابق آٹا بحران باقاعدہ ایک منصوبہ بندی کے تحت پیدا کیا گیا جس میں افسران اور بعض سیاسی شخصیات بھی ملوث ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.