Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

میرے خلاف شائع کی جانے والی من گھڑت کہانی وزیراعظم عمران اور شہزاد اکبر کی ہدایت پرچھاپی گئی،شہباز شریف

لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل میں میرے خلاف من گھڑت کہانی وزیراعظم عمران خان اور ان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کی ہدایت پرچھاپی گئی۔ شہباز شریف نے برطانوی صحافی ڈیوڈ روز کا چیلنج قبول کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ دائر کردیا ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈیوڈ روز اور ڈیلی میل کے خلاف لندن ہائی کورٹ میں مقدمہ دائر کیا جس پر کوئنز بینچ ڈویژن نے اخبار اور صحافی کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔ اس حوالے سے لندن میں اپنے وکلاء کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میرے خلاف شائع کی جانے والی کہانی من گھڑت ہے، یہ کہانی وزیراعظم عمران اور شہزاد اکبر کی ہدایت پرچھاپی گئی۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی ہائی کورٹ میں حقائق کے ذریعے دودھ کا پانی کا پانی کریں گے، عمران نیازی جھوٹ بولنے اور دھوکے بازی میں ایکسپرٹ ہیں، اُن کا  اور ان کے ساتھیوں کا حال چور مچائے شور والا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جس طرح ڈیلور کیا، عمران خان کی حکومت نہیں کرپارہی۔

ایک سوال کے جواب کے صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ شہزاد اکبر کے بارے میں کوئی بات نہيں کرنا چاہتا، آج تمام سوالوں کے جواب میں نے دے دیے ہیں، چوہدری شوگر ملز خاندانی بزنس ہے۔

خیال رہے کہ 14 جولائی 2019 کو برطانوی اخبار ڈیلی میل نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خاندان نے زلزلہ متاثرین کو ملنے والی برطانوی امداد میں چوری کی۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کو دی گئی امداد میں شہباز دور میں برطانوی امدادی ادارے نے لگ بھگ 50 کروڑ پاؤنڈ پنجاب کو دیے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.