Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پاکستان میں کورونا: مصدقہ کیسز کی تعداد 1286ہوگئی

برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن بھی کورونا کا شکار بن گئے

پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی جبکہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد 1286 تک جاپہنچی ہے۔ملک میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 9 ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں سے پنجاب میں 3، خیبرپختونخوا میں 3 جب کہ سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

پنجاب میں بدھ اور جمعرات کے روز پے در پے ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی جہاں بدھ کے روز راولپنڈی میں بیرون ملک سے آنے والی خاتون چل بسیں جب کہ جمعرات کو لاہور میں کورونا سے ایک  ہلاکت رپورٹ ہوئی جو اب تک شہر میں وائرس سے دوسری ہلاکت ہے۔پاکستان میں مہلک وائرس سے اب تک 25 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان، 2 اسلام آباد، 2 کا خیبر پختونخوا اور ایک کا پنجاب سے ہے۔

آج بروز جمعہ پاکستان میں کورونا وائرس کے اب تک 88 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ آج پنجاب میں اب تک کورونا وائرس کے 14 نئے کیسز سامنے آچکے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 419 ہوگئی ہے جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی۔

محکمہ صحت پنجاب نے ٹوئٹر کے ذریعے بتایا کہ لاہور میں 104، گجرات 22، گوجرانوالہ 8، جہلم 19، راولپنڈی 14، ملتان 3، فیصل آباد 5، منڈی بہاؤ الدین 3، میانوالی 2، ڈی جی خان 207 اور 5 زائرین جب کہ نارووال، رحیم یار خان، سرگودھا، اٹک اور بہاول نگر میں ایک ایک کیسز ہیں۔ پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک 3 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے ایک مریض راولپنڈی اور 2 لاہور میں جاں بحق ہوئے۔

سندھ میں آج اب تک کورونا وائرس کے مزید 19 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی طور پر کیسز کی تعداد 440 ہوگئی ہے جس کی تصدیق محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق 11 نئے کیسز کراچی میں سامنے آئے جو لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں اور حیدرآباد میں لوکل ٹرانسمیشن کا ایک کیس سامنا آیا جب کہ لاڑکانہ میں ایران سے آئے 7 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں نئے کیسز کے بعد شہر میں کیسز کی کل تعداد 164 ہوگئی ہے جب کہ حیدرآباد میں 3 کیسز ہوچکے ہیںمحکمہ صحت کے مطابق سکھر میں کورونا وائرس میں مبتلا زائرین کی تعداد 265 اور لاڑکانہ میں 7 ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں اب تک 14 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جن میں سے 13 کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جب کہ اب تک سندھ میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید 53 کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق صوبائی ترجمان اجمل وزیر نے پریس کانفرنس میں کی۔اجمل وزیر نے بتایا کہ صوبے میں وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 176 ہوگئی ہے جب کہ صوبے میں اب تک اموات کی تعداد 3 ہے۔واضح رہےکہ کے پی کے میں جمعرات کو کورونا وائرس کے 2 مریض صحتیاب ہوگئے جنہیں اسپتال سے فارغ کردیا گیا۔

جمعہ کے روز سرکاری پورٹل پر اسلام آباد میں مزید 2 کیسز رپورٹ کیے گئے جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں مجموعی کیسز کی تعداد 27 ہوگئی ہے تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان کیسز کی کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

بلوچستان میں آج اب تک کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔جمعرات کو  صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 12 کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد مصدقہ کیسز کی تعداد 131 ہوگئی جس کی تصدیق صوبائی حکومت کے ترجمان کی جانب سے کی گئی۔جعمرات کو رات گئے صوبائی حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ صوبے میں 39 افرادکے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے ایک میں بھی کورونا کی تصدیق نہیں ہوئی۔

گلگت بلتستان میں بھی جعمرات کو 7 نئے کیسز مثبت آئے۔ مشیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 91 ہو گئی ہے۔مشیر اطلاعات نے بتایا کہ نئے تمام 7 مریضوں کا تعلق ضلع اسکردو سے ہے۔گلگت میں بدھ کے روز 2 مریض صحتیاب ہوئے تھے جس کے بعد صحتیاب مریضوں کی تعداد 6 ہوگئی تھی۔

جمعرات کے روز میرپور آزاد کشمیر ایک اور مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد آزاد کشمیرمیں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔ڈپٹی کمشنرطاہر ممتاز کے مطابق 37 سالہ متاثرہ مریض 17 مارچ کو برطانیہ سے آیا تھا اور اسے دو روز قبل قرنطینہ میں منتقل کیا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.