Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پاکستان میں کورونا کے مزید 9 کیسز سامنے آگئے

کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 9 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد صوبہ سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد  13 جبکہ ملک بھر میں تعداد 16 ہوگئی ہے جبکہ ایک مریض کو مکمل صحت یابی کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

محکمہ صحت سندھ سے جاری بیان کے مطابق 8 مزید کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 5 افراد شام سے براستہ دوحہ کراچی آئے اور 3 لندن سے براستہ دبئی گزشتہ ہفتے کراچی پہنچے تھے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ افراد سے متعلق افراد تک پہنچنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ مزید ٹیسٹ کیے جاسکیں۔

قبل ازیں محکمہ صحت سندھ کی میڈیا کوآرڈینیٹر میران یوسف نے کہا تھا کہ کراچی شرقی سے تعلق رکھنے والے 53 سالہ شہری کا ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا۔ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ شہری شام سے براستہ دوحہ کراچی آیا تھا جبکہ ان سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کو قرنطینہ کرلیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی میں کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آیا تھا جو سندھ میں چوتھا کیس تھا لیکن اب یہ تعداد بڑھ کر 13 اور پاکستان میں 16 ہوگئی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید کے میڈیا کنسلٹنٹ عبدالرشید چنا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا وائرس کے ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جہاں بریفنگ کے دوران آگاہ کیا گیا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے آج 4 ٹیسٹ کیے گئے تھے جس میں سے ایک مثبت آیا ہے اور اس کا تعلق کراچی سے ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا تھا کہ محکمہ صحت سندھ نے ٹیسٹ کے لیے مجموعی طور پر 107 نمونے حاصل کیے تھے جس میں سے 4 مثبت آئے۔خیال رہے کہ کراچی میں سامنے آنے والے پہلے مریض کو مکمل صحت یابی کے بعد دو روز قبل ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.