Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

چمن: پاک افغان باب دوستی پر دھرنا مظاہرین کی فورسز سے جھڑپ، 4 افراد جاں بحق

چمن میں دھرنے پر بیٹھے پرامن لوگوں کو کچھ شرپسندوں نے اکسا کر سرحد پار کرنے کی کوشش کی

چمن میں پاک افغان بارڈر ‘باب دوستی’ پردھرنا دینے والے مسافروں نے زبردستی سرحد عبور کرنے کی کوشش کی، مشتعل مظاہرین ریڈ زون میں داخل ہوگئے، توڑپھوڑ کی، دفاتر، قرنطینہ سینٹر، ہزار کےقریب خیموں اور این ڈی ایم اے کے 100 کےقریب کنٹینرز کو آگ لگادی۔

مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے شیلنگ اور  ہوائی فائرنگ کی جبکہ جھڑپوں کے باعث علاقے کے حالات کشیدہ ہو گئے، مزید نفری طلب کر لی گئی۔ واقعے میں 4 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے۔

پاک افغان سرحد باب دوستی پر آل پارٹیز تاجراتحاد اور محنت کش گروپ کا2 ماہ سے سرحد کی بندش کےخلاف دھرناجاری ہے۔ جمعرات کو دھرنا مظاہرین مشتعل ہوگئے اور رکاوٹیں ہٹاتے ہوئے ریڈ زو ن میں داخل ہوگئے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا شروع کردیا۔

مظاہرین نے زبردستی سرحد عبور کرنےکی کوشش کی۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے فورسز کی جانب سے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی گئی۔مشتعل مظاہرین نے بارڈر منیجمنٹ سسٹم کے لیے نادرا دفترکے کمپیوٹرز رومز کو بھی آگ لگادی۔ مظاہرین باب دوستی کے ساتھ واقع قرنطینہ سینٹر میں داخل ہوئے اور سینٹر، خیمے اور دفاتر کو آگ لگادی۔

بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیا لانگو نےکہا ہے کہ چمن میں دھرنے پر بیٹھے پرامن لوگوں کو کچھ شرپسندوں نے اکسا کر سرحد پار کرنے کی کوشش کی اور قرنطینہ سینٹر اور نادرا سینٹر کو اگ لگائی۔

 چمن واقعہ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ ضیا لانگو نے کہا کہ چمن کے افسوس ناک واقعہ میں دو افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے تاہم اب حالات کنڑول میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چمن کے شہری ہمارے بھائی ہیں، ہم ان کے ساتھ سختی نہیں کر سکتے ہیں، اور ہم نے سرحد بند ہونے کی وجہ سے بے روزگار ہونے والے افراد کو لیویز اور پولیس میں بھرتی کرنے کی پیش کش کی ہے۔میر ضیا لانگو نے کہا کہ ہم کسی غیر ملکی فورس کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہماری فورس پر حملہ کرے، ہماری فورس پر حملہ کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ سی پیک کی وجہ سے کئی قوتیں ہمارے پیچھے لگی ہوئی ہیں اور ہمیں غیر مستحکم کرنے کے لیے بڑی سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.