Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کابل میں دو صدور، اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ نے بیک وقت حلف اٹھا لیا

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دو صدور، اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ، نے بیک وقت حلف اٹھا لیا۔ عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق افغانستان کے نومنتخب صدر اشرف غنی نے اپنی تقریب حلف برداری مؤخر کر دی تھی، صدارتی انتخابات حتمی نتائج کے اعلان سے قبل ہی متنازعہ ہو گئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق اشرف غنی نے ایوان صدر جب کہ عبداللہ عبداللہ نے کابل میں حلف اٹھایا، حلف برداری کی تقریب میں صدارتی محل پر راکٹ فائر کئے گئے، ذرائع کے مطابق حلف برداری کی تقریب کے دوران ہی پانچ سے آٹھ راکٹ فائر کیے گئے جس سے سراسیمگی پھیل گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ 19 فروری کو افغانستان کے صدارتی انتخاب کے 5 ماہ بعد بالآخر اشرف غنی کو فاتح قرار دیا گیا تھا۔ افغان الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق اشرف غنی مسلسل دوسری مدت کے لیے افغانستان کے صدر منتخب ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اشرف غنی نے گذشتہ سال ستمبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں 50 اعشاریہ 64 فیصد ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے نمایاں حریف  افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ  39 اعشاریہ 52 فیصد ووٹ حاصل کرسکے۔

اشرف غنی پہلی بار 2014 میں افغانستان کے صدر منتخب ہوئے تھے اس سے قبل وہ حامد کرزئی کی حکومت میں وزیر خزانہ بھی رہ چکے ہیں۔ واضح  رہے کہ گزشتہ سال 28 ستمبر کو ہونے والے انتخاب کے نتائج کا اعلان 22 دسمبر 2019 کو کیا گیا تھا جس میں اشرف غنی فاتح قرار پائے تھے تاہم دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار عبداللہ عبداللہ نے نتائج کو مسترد کردیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.