Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کوئٹہ : مسجد کے اندر دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 15 افراد شہید

کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں ہونے والے دھماکے میں ڈی ایس پی امان اللہ سمیت 15 افراد شہید اور  19زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے غوث آباد کے مدرسہ دارلعلوم الشرعیہ میں نماز مغرب کی ادائیگی کے دوران زور دار دھماکا ہوا۔

دھماکے سے مسجد کو شدید نقصان پہنچا، دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جاں بحق افراد کی میتیں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

 قائم مقام گورنرعبدالقدوس بزنجو،  وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال اور وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء لانگو نے دھماکے کی مذمت کی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے جبکہ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے دھماکے میں 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔ْ

انہوں نے کہا کہ مسجد میں ہونے والا دھماکا خود کش ہوسکتا ہے، زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور سیکیورٹی انتظامات کا ازسر نو جائزہ لے رہے ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد میں بے گناہوں کو نشانہ بنانے والے مسلمان نہیں ہوسکتے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان کے دستے دھماکے کے مقام پر پہنچ چکے ہیں، علاقے کو سیل کردیا گیا ہے اور پولیس  کے ساتھ مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق زخمیوں ہو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت کی ہے کہ سول انتظامیہ اور پولیس کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.