Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کورونا وائرس: ملک بھر میں کیسز کی تعداد 990 ہوگئی

خیبرپختونخوا میں اسکولوں کی چھٹیوں میں مزید توسیع

پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 7 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ ملک بھر میں کیسز کی تعداد 990 ہوگئی ہے۔منگل کو ملک میں مجموعی طور پر 106 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے خیبرپختونخوا میں 40، پنجاب میں 50 اور سندھ میں 16 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔ نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 990 تک جاپہنچی ہے جب کہ مہلک وائرس سے اب تک 20 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 4 کا گلگت بلتستان اور 2 کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔

ملک میں کورونا وائرس سے اب تک 7 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں خیبرپختونخوا میں 3، بلوچستان، گلگت بلتستان، سندھ اور پنجاب میں ایک ایک ہلاکت ہوگئی۔

پنجاب

گزشتہ روز پنجاب میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آئی جہاں لاہور کے میو اسپتال میں 57 سالہ مریض انتقال کرگیا۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے صوبے میں وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کی۔ پنجاب میں منگل کو کورونا وائرس کے مزید 50 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 296 ہوگئی ہے جس کی تصدیق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد میں 176 زائرین شامل ہیں جب کہ لاہور میں 65، گجرات میں 20، جہلم سے 16، گوجرانوالہ 8، ملتان 3، راولپنڈی 2، فیصل آباد 2، سرگودھا، نارووال، منڈی بہاؤ الدین اور رحیم یار خان میں ایک، ایک کیس ہے۔

سندھ

سندھ میں منگل کو مزید 16 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 410 تک جاپہنچی ہے۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق گزشتہ روز کراچی میں مزید 11 نئے کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد شہر میں متاثرہ افراد کی تعداد 143 تک جاپہنچی ہے جب کہ ایک مریض کا تعلق حیدرآباد اور ایک کا دادو سے ہے۔ترجمان نے بتایا کہ کراچی اور دادو میں کورونا وائرس کے 141 مریضوں میں سے 91 افراد کو مقامی طور پر ہی وائرس لگا جبکہ دیگر افراد بیرون ملک سے متاثر ہوکر آئے۔تفتان سے سکھر آنے والے زائرین میں مزید 5 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 265 ہوگئی ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں منگل کو 40 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے بھر میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 78 ہوگئی۔صوبائی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ تفتان سے ڈیرہ اسماعیل خان آنے والے زائرین میں سے 37 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ صوبے کے دیگر شہروں میں 3 نئے کیسز سامنے آئے۔صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک ڈیرہ اسماعیل خان میں 53، پشاور میں 12، مردان میں 6، مانسہرہ میں 3، بونیر، چارسدہ، جنوبی وزیرستان اور کرک میں ایک، ایک مریض میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں منگل کو کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جس کے باعث متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 110 ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں منگل کے روز کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جس کے بعد متاثرہ کیسز کی تعداد 80 ہی ہے۔ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق ضلع نگر میں 34، اسکردو میں 16، گلگت اور شِگر میں 13، 13، کھرمنگ میں 3 اور استور میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔فیض اللہ فراق نے مزید بتایا کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 4 مریض صحتیابی کے بعد گھر منتقل ہوگئے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی منگل کو کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 15 اپنی جگہ برقرار ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا اب تک ایک ہی کیس رپورٹ ہوا ہےجب کہ ریاست میں حکومت نے شہریوں سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔

ملک بھر میں لاک ڈاؤن

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں فوج تعینات ہے اور چاروں صوبے لاک ڈاؤن کا اعلان کرچکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں بھی منگل سے 3 ہفتوں کا لاک ڈاون شروع ہو گیا۔

کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت نے معاشی پیکیج کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل 15 روپے فی لیٹر سستا کردیا گیا ہے جب کہ مزدوروں کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں.

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.