Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کورونا وائرس: پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 11 ، ملک بھر کی کیسز کی تعداد 1373 ہوگئی

کراچی میں مختلف اسپتالوں کے 4 ڈاکٹرز میں کورونا وائرس کی تصدیق

پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی اور ملک بھر میں سب سے زیادہ 5 ہلاکتیں اب تک پنجاب میں ہوئی ہیں جب کہ ملک میں مصدقہ کیسز کی تعداد  1373 تک جا پہنچی ہے۔ پاکستان میں جمعے کو کورونا وائرس کے مزید 179 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے خیبرپختونخوا میں 57، پنجاب میں 85، سندھ میں 19، گلگت بلتستان میں 16 اور اسلام آباد میں 2 کیسز کی تصدیق ہوئی۔ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 11 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جن میں سے پنجاب میں سب سے زیادہ 5 ہلاکتیں ہوئی ہیں جہاں لاہور میں 3، فیصل آباد اور راولپنڈی میں ایک ایک ہلاکت ہوئی جب کہ خیبرپختونخوا میں 3، بلوچستان، سندھ اور گلگت میں ایک ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

پنجاب

جمعہ کے روز پنجاب میں کورونا کے 2 مریض انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی ہے۔ لاہور کے میو اسپتال میں 73 سالہ بزرگ اور فیصل آباد میں 22 سالہ نوجوان کورونا وائرس سے جاں بحق ہوا۔ میو اسپتال کے کورونا وارڈ میں 73 سالہ مریض کی طبیعت بگڑی تو عملے نے بجائے آکسیجن یا دوا دینے کے اسے بیڈ سے باندھ دیا جس پر مریض چیختا چلاتا رہا اور طبی امداد نہ ملنے کے باعث انتقال کرگیا۔  جمعہ کو پنجاب میں مزید 85 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 490 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت پنجاب کے اعداد و شمار کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں لائے گئے زائرین میں 207، ملتان میں موجود زائرین میں 46، لاہور 115، گجرات 48، جہلم 19، راولپنڈی 14، گوجرانوالہ 9، فیصل آباد 10 اور ڈی جی خان (علاوہ زائرین) 5، ملتان (علاوہ زائرین) اور منڈی بہاؤ الدین میں 3، 3 کیسز کی تصدیق ہوئی۔ سرگودھا، میانوالی اور ننکانہ صاحب میں 2، 2 جبکہ نارووال، رحیم یار خان، اٹک، بہاولنگر اور خوشاب میں ایک ایک مصدقہ کیس ہے۔ خیال رہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک 5 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے 3 لاہور ، ایک فیصل آباد اور ایک مریض کا راولپنڈی میں انتقال ہوا۔

سندھ

سندھ میں جمعے کو کورونا وائرس کے مزید 19 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی طور پر کیسز کی تعداد 440 ہوگئی جس کی تصدیق محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق 11 نئے کیسز کراچی میں سامنے آئے جو لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں اور حیدرآباد میں لوکل ٹرانسمیشن کا ایک کیس سامنا آیا جب کہ لاڑکانہ میں ایران سے آئے 7 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں نئے کیسز کے بعد شہر میں کیسز کی کل تعداد 164 ہوگئی ہے جب کہ حیدرآباد میں 3 کیسز ہوچکے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق سکھر میں کورونا وائرس میں مبتلا زائرین کی تعداد 265 اور لاڑکانہ میں 7 ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں جمعے کو کورونا وائرس کے مزید 57 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 180 ہوگئی ہے جب کہ صوبے میں اب تک اموات کی تعداد 3 ہے۔

اسلام آباد

جمعہ کے روز سرکاری پورٹل پر اسلام آباد میں مزید 2 کیسز رپورٹ کیے گئے جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں مجموعی کیسز کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں جمعے کو کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 131 ہی ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کورونا وائرس کے 2 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جس کے بعد انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ بلوچستان میں بھی کورونا وائرس سے ایک شخص جاں ہوچکا ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں جمعے کو کورونا کے مزید 16 کیسز سامنے آئے۔ مشیر مشیر اطلاعات گلگت بلتستان کے مطابق گلگت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 103ہو گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئے تصدیق شدہ مریضوں کا تعلق بلتستان ڈویژن سے ہے۔ اس کے علاوہ 3 افرادکی تازہ رپورٹ نیگیٹو آنے پر آئسولیشن سینٹر سے ڈسچارج کیا گیا ہے۔

آزاد کشمیر

جمعرات کے روز میرپور آزاد کشمیر ایک اور مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد آزاد کشمیرمیں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب کراچی کے دو نجی اسپتالوں کے چار ڈاکٹرز میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ آغا خان اسپتال  کے حکام نے  تصدیق کی ہے کہ اسپتال کے عملے کے تین افراد جن میں ایک سرجن اور ایک ریڈیولوجسٹ بھی شامل ہیں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد اسپتال نے کورونا وائرس کے مریضوں کی اسکریننگ اور مزید مریض داخل کرنے کا عمل روک دیا ہے۔

آغا خان اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وہ اسپتال کے کریم آباد میں واقع ذیلی اسپتال کو کورونا وائرس کے کنفرمڈ مریضوں کے علاج کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں جس کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہے۔

لیاقت نیشنل انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کے ریڈیولوجی ڈپارٹمنٹ کے ایک ڈاکٹر کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں اور وہ اپنے گھر پر آئسولیشن میں ہیں۔ لیاقت نیشنل اسپتال کے ترجمان کے مطابق متاثرہ ڈاکٹر تبلیغی اجتماع میں گئے ہوئے تھے اور واپس آنے کے بعد انہوں نے اسپتال کو جوائن کیا لیکن پہلے ہی دن گلے میں تکلیف اور دیگر علامات کی بنیاد پر جب ان کا ٹیسٹ کرایا گیا تو وہ کورونا پوزیٹو نکلے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.