Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پنڈی ٹیسٹ: بنگلا دیش کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 86 رنز درکار

نسیم شاہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ہیٹ کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین بولر بن گئے

راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کے 445 رنز کے جواب میں بنگلا دیش نے اپنی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر  126 رنز بنائے ہیں اور مہمان ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 86 رنز درکار ہیں۔کھیل کے تیسرے روز پاکستان کے 445 رنز کے جواب میں بنگلا دیش نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا۔39 کے مجموعی اسکور پر سیف حسن 16 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے، مہمان ٹیم کے دوسرے اوپنر تمیم اقبال بھی 53 کے مجموعی اسکور پر 34 رنز بنا کریاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔اس کے بعد 124 کے اسکور پر نسیم شاہ نے  نجم الحسن شنٹو ،تیج الاسلام اور محمود اللہ کو یکے بعد دیگرے آؤٹ کرکے اپنی پہلی ٹیسٹ ہیٹ ٹرک کی۔

نسیم شاہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ہیٹ کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین بولر بن گئے ہیں، ہیٹ ٹرک کے وقت ان کی عمر 16 برس 359 دن ہے۔تیسرے روز کھیل کے اختتام پر بنگلا دیش کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد مھتون تھے جو کہ بغیر کوئی رنز بنائے یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔بنگلادیش کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 86 رنز درکار ہیں اور اس کی 4 وکٹیں باقی ہیں۔

اس سے قبل تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 342 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر کیا تو بابراعظم 143 اور اسد شفیق 60 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔

گزشتہ روز سنچری اسکور کرنے والے بابراعظم میچ کی پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ بابراعظم اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں بغیر کسی اضافے کے 142 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ اسد شفیق بھی اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں صرف 5 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 65 پر آؤٹ ہو گئے۔

حارث سہیل نے 75 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ دیگر کوئی بلے باز  خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا اور پوری ٹیم 445 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور یوں پاکستان کو بنگلا دیش کی پہلی اننگز کے اسکور 233 رنز پر 212 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.