Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کو رونا وائرس: مانسہرہ کے سیاحتی مقامات پر سمارٹ لاک ڈاؤن کی سفارش

28 ہوٹلز اور ریستورانوں کے عملے کے 47 ارکان میں کورونا وائرس کی تصدیق

ضلع مانسہرہ کے تفریحی مقامات پر کورونا وائرس کے نئے مریض سامنے آنے کے بعد مقامی انتظامیہ نے ضلعی انتظامیہ سے سمارٹ لاک ڈاؤن کی سفارش کی ہے۔صوبائی دارالحکومت پشاور کے کچھ علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کے بعد اب کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ڈپٹی کمشنر مانسہرہ سے ان تفریحی مقامات پر سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کی سفارش کی ہے جہاں کورونا وائرس کے نئے متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے۔اتھارٹی نے ان ہوٹلز اور ریستوران کے نام بھی بتائے ہیں جہاں کورونا وائرس کے متاثرین سامنے آئے ہیں۔

 

تفصیلات کے مطابق ناران، شوگران اور کاغان میں 28 ہوٹلز اور ریستورانوں کے عملے کے 47 ارکان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد یہ ہوٹل اور ریستوران سیل کر دیے گئے ہیں جبکہ سیمپلنگ کا عمل بدستور جاری رہے۔

کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان نے مقامی میڈیا کو بتایا ہے کہ اب تک بالاکوٹ سب ڈویژن کے علاقے بالاکوٹ، گڑھی حبیب اللّٰہ، مہانڈری، شوگران، کاغان اور ناران میں 800 سے زائد سیمپلز لیے گئے ہیں جن میں سے 47 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اتھارٹی کے مطابق ناران کے چار ریستوران اور ہوٹلز کے عملے میں بھی اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں مون ریسٹورنٹ، پاک پنجاب تکہ ہاؤس، دیوان خاص ریسٹورنٹ، سیسل ہوٹل اور میانمور ہوٹل شامل ہیں۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے بعد پشاور کے مزید چھ علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔ صوبائی دارلحکومت کے مزید چھ علاقوں میں17 اگست دوپہر 2 بجے سے مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔

جن علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا گیا ہے ان میں حیات آباد، شاہین ٹاؤن، اکبر ٹاؤن اور شامی روڈ شامل ہیں۔فیصلے کے مطابق مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ان علاقوں سے اِن آؤٹ انٹری بند رہے گی۔ ڈی سی پشاور کے مطابق وفاقی حکومت کی پالیسی و ہدایات پر صرف گلیوں اور چھوٹے علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اس سمارٹ لاک ڈاؤن کا مقصد کورونا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.