Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

ملک بھر میں دینی مدارس کی رجسٹریشن کا آغاز آج سے ہو گا

خیبر پختونخوا ہ کے 31 اضلاع میں دفاتر اور رابطہ آفیسرز متعین کئے گئے ہیں

ملک بھر میں دینی مدارس کی رجسٹریشن کا آغاز آج سے ہو گا، اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں میں مدارس رجسٹریشن دفاتر قائم کر دیے گئے۔حکومت اور اتحاد تنظیمات مدارس کے مابین طے پانے والے معاہدے کی رو سے مدارس رجسٹرڈ کئے جائیں گے اور یہ وفاقی وزارت تعلیم کے ساتھ منسلک ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں 133 اضلاع میں رجسٹریشن مراکز قائم کئے گئے ہیں، اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، مظفر آباد اور گلگت میں صوبائی رابطہ آفیسرز اور ضلعی سطح پر بھی افسران کی تعیناتی کی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں 35، سندھ میں 24، خیبر پختونخوا ہ کے 31 اضلاع میں دفاتر اور رابطہ آفیسرز متعین کئے گئے ہیں جبکہ بلوچستان میں 25، آزاد کشمیر میں 9 اور گلگت بلتستان میں 8 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔دینی مدارس کے مہتمم و ناظمین صوبائی یا ضلعی دفاتر سے رجسٹریشن فارم وصول کریں گے۔

یاد رہے کہ ستمبر 2016 میں تب کے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے دینی مدارس کی رجسٹریشن کی تجدید کیلئے این او سی کی شرط ختم کرتے ہوئے رجسٹریشن کی تجدید کا عمل آسان بنانے اور اس کیلئے ٹائم لائن کا تعین کرنے کی ہدایت کی تھی تاکہ طلباء و طالبات کی تعلیم کے تسلسل میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.