Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

نواز شریف کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرانے والا پی ٹی آئی کا عہدیدار اور ریکارڈ یافتہ کریمنل نکلا

نوازشریف کیخلاف مقدمہ کسی ریاستی ادارے نے درج نہیں کرایا: لاہور پولیس

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرانے والا بدر رشید نہ صرف پی ٹی آئی کا تنظیمی عہدیدار ہے بلکہ ریکارڈ یافتہ مجرم ہے۔ مدعی بدر رشید خان ہیرا پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ راوی ٹاؤن کا صدر ہے۔ اس کی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ساتھ ملاقاتوں کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں۔ دوسری جانب گورنر ہاؤس پنجاب نے (ن) لیگی قائدین کے خلاف مقدمے کے مدعی سے لاتعلقی کا اظہار کردیا ہے۔ ترجمان گورنر ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ بغاوت کے مقدمے کے مدعی کا گورنر پنجاب سے کوئی تعلق نہیں، گورنر پنجاب سے ہزاروں افراد ملاقات کر تے ہیں۔

 پولیس کے مطابق بدر رشید ہیرا پر اقدام قتل، ناجائز اسلحہ اور کار سرکار میں مداخلت کےمقدمات درج ہیں جن میں اقدام قتل کے مقدمات تھانا شاہدرہ جب کہ ناجائز اسلحہ کا مقدمہ تھانا شرقپور میں درج ہے۔پولیس کا کہنا ہےکہ بدر رشید کے خلاف کار سرکار میں مداخلت اور پولیس سے دست درازی کا مقدمہ تھانا پرانی انارکلی میں درج ہے۔پولیس کے مطابق بدر رشید ہیرا تحریک انصاف کی جانب سے یوسی چیئرمین کا الیکشن بھی لڑچکا ہے اور بعض مقدمات میں گرفتار بھی ہوا۔

ترجمان لاہور پولیس  کا کہنا ہےکہ تھانہ شاہدرہ میں نواز شریف سمیت لیگی قیادت کے خلاف درج ہونے والا مقدمہ ریاست یا کسی ریاستی ادارے کی جانب سے نہیں بلکہ یہ مقدمہ ایک پرائیویٹ شہری بدر رشید کی درخواست پر درج کیا گیا۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق میڈیا میں تھانہ شاہدرہ میں درج  مقدمے کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں حالانکہ درحقیقت یہ مقدمہ شہری بدر رشید کی درخواست پر درج کیا کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.