Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

اپنی کرپشن چھپانے کیلئے ’ڈاکوؤں کا گروہ‘ باہر آگیا ہے، وزیراعظم

عوام خود اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ اپوزیشن کتنی ’مضبوط‘ ہے۔

اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں ریلی کی اجازت دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام خود اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ اپوزیشن کتنی ’مضبوط‘ ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک سے نمٹنے کے لیے بنائی گئی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم نے متعلقہ اتھارٹیز کو جلسے کی اجازت دینے کی ہدایت کی۔

ادھر ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے مشترکہ اپوزیشن کو ’ڈاکوؤں کا ایک گروہ‘ قرار دیا، جس نے اپنی کرپشن چھپانے کے لیے حکومت مخالف مہم شروع کردی، مزید یہ کہ عوام اپوزیشن کی ’طاقت کا مظاہرہ‘ خود دیکھیں گے۔

دوسری جانب اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے جلسے کی اجازت دینے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس کے لیے حکومتی اجازت کی ضرورت نہیں تھی۔

خیال رہے کہ حکومت مخالف تحریک پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ 11 اکتوبر کو کوئٹہ میں ہونا تھا لیکن ’سیکیورٹی‘ وجوہات پر اسے ملتوی کردیا گیا تھا۔

بعد ازاں مرکزی اپوزیشن جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی (پ پی پی) نے 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ اور 18 اکتوبر کو کراچی میں علیحدہ ریلیاں نکالنے کا فیصلہ کیا لیکن یہ اعلان بھی کام نہ آنے پر بالآخر پی ڈی ایم نے 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں ایک بڑا جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ حکومت کو اپوزیشن کو ریلی منعقد کرنے کی اجازت نہیں چینی چاہیے جبکہ وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کابینہ کے گزشتہ اجلاس کے بعد بتایا تھا کہ حکومت، اپوزیشن کو اس کا پروگرام کرنے کی اجازت دے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.